• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلوی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں شاندار سنچری بنا ڈالی، میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے اپنی بیگم کی تعریفوں کے پُل باندھتے ہوئے سارا کریڈٹ انہیں دے دیا۔

ڈیوڈ وارنر کا بعد از میچ پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ان کی پرفارمنس کے پیچھے سب ان کی بیگم کینڈیس وارنر کا کمال ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ برے وقت میں انہیں کیسے حوصلہ دیتی رہیں۔


واضح رہے آسٹریلوی کھلاڑیوں اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹائون ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد دونوں 12ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ڈیوڈ وارنر کی اہلیہ کینڈیس وارنر نے بال ٹیمپرنگ کاذمہ دار خود کو قرار دے دیا تھا اور کہا تھا کہ جو کچھ ہوا اس میں قصور ان کا اپنا ہے،کیوں کہ وارنر کو میری وجہ سے طنزیہ جملے سننے پڑے تھے۔وارنر سے شادی انہوں نے اپنے رگبی بوائے فرینڈ کو چھوڑ کر کی تھی، ان کا تعلق جنوبی افریقا سے تھا جس کی وجہ سے وارنر کو سخت اورطنزیہ جملے سننے کو ملے۔


پاکستان کے خلاف سنچری اسکور کرنے کے بعد پریس کانفرنس میں وارنر کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ کینڈیس ایک ناقابل یقین، پر عزم، اصول پسند اور بے غرض خاتون ہیں، ان کے اور بچوں کی وجہ سے ہی مجھے اعتماد ملا۔

انہوں نے بیگم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید تعریفی کلمات ادا کئے ۔اورکہا کہ کینڈیس ایک مضبوط عورت ہیں، ایک سال کا عرصہ میں نے کھیل سے دور گھر پر گزارا تو انہوں نے مجھے سستی و کاہلی سے دور رکھا، وہ مجھے بستر سے زبردستی اٹھا کر ورزش کرنے اور بھاگنے پر مجبور کر دیتی تھیں۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ 2019 کے ایک اہم میچ میں آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی سنچری کی بدولت 307 رنز بنانے کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم کو 266 رنز پر آؤٹ کرکے 41 رنز سے شکست دے دی۔ انہوں نے انتہائی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ڈٹ کر گرین شرٹس کے بولرز کا مقابلہ کیا۔ وہ 107 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

وارنر آسٹریلیا کی طرف سے زیادہ سنچریاں بنانے والے چوتھے بلے باز ہیں۔ رکی پونٹنگ 29 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ مارک وا نے 18 اور ایڈم گلکرسٹ نے 16 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ یہ ان کی بال ٹیمپرنگ پابندی کے بعد پہلی جبکہ کیریئر کی 15ویں سنچری ہے۔

تازہ ترین