• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’گرفتاریوں کا مقصد معاشی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے‘

اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گرفتاریوں کا مقصد معاشی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے، بجٹ معاشی خود کشی اور غریب کا معاشی قتل ہے۔

رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کی گرفتاری کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک پر چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے مسلط ہیں۔


انہوں نے کہا کہ والد آصف زرداری کے بعد پھپھو فریال کو بھی گرفتار کیا گیا ہے،بہن،بیٹی حکمرانوں کے گھر میں بھی ہیں۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ بلیک میلنگ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز کے پرانے حربے ہیں، یاد رکھیں موجودہ حکمرانوں نے ہمیشہ حکومت میں نہیں رہنا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان اور مشرف کے پاکستان میں کوئی فرق نہیں،ملک میں سیاسی انتقام کا ایک اور باب سمجھ آیا،پھپھو فریال کو اسلام آباد میں گرفتار کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ نیب صرف سیاسی انتقام کرتا ہے،یہ استعمال بھی سیاسی مقاصد کےلئے ہوتا ہے،کسی فرشتے کو بھی چیئرمین بنادیں،اس نے بھی یہی کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین کہہ چکے ہیں اگر حکمرانوں کے خلاف کارروائی ہوئی تو حکومت گرجائے گی،ان کے بیان کے بعد جو ہوا اس پر ابھی تک خاموشی ہے،یہ سب وزیر داخلہ کروارہے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں ججز بھی اسکرپٹ کے مطابق چلیں،آج ملک بھر کے وکلا نے حکومت کو واضح پیغام دے دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ججز کو سازش کے تحت ہٹایا جارہا ہے، اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جارہا،آج جنرل مشرف کی طرح عمران خان نے بھی عدلیہ پر حملہ کیا ہے، عمران خان دو نہیں ایک پاکستان کی بات کرتے تھے لیکن اب دو پاکستان ہیں۔

بلاول بھٹو نے سوال کیا عوام بتائیں مشرف کے پاکستان اور عمران خان کے پاکستان میں کیا فرق ہے؟ انہوں نے اس سوال کا خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ وردی کا فرق ہے،وہ کہتا ہے میں نے کیا بگاڑا ، آپ نے میرے والد کو جیل میں ڈالا، کچھ نہیں بگاڑا، میری پھوپھی کو گرفتار کیا، کچھ بھی نہیں بگاڑا لیکن آپ نے عوام کا جینا دو بھر کیا، اس پر اعتراض ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم لڑیں گے، مقابلہ کریں گے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، بجٹ اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی اپنی عوام رابطہ مہم کا اعلان کرے گی اور آل پارٹیز کانفرنس بھی جلد ہو گی۔

تازہ ترین