• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ٹیم کی 3 سالہ کارکردگی کا پوسٹ مارٹم ہوگا، گورننگ بورڈ،ورلڈ کپ کے دوران تبدیلی مسترد

پاکستان ٹیم کی 3 سالہ کارکردگی کا پوسٹ مارٹم ہوگا، گورننگ بورڈ،ورلڈ کپ کے دوران تبدیلی مسترد
بشکریہ پی سی بی ( ٹوئٹراکاؤنٹ)

  لندن (نمائندہ خصوصی) ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی ٹیم کی تین سالہ کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کیا جائے اور سفارشات کی روشنی میں فیصلے کئے جائیں گے۔ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ٹورنامنٹ کے دوران تبدیلی کے امکانات کو مکمل مسترد کردیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہوں اور پالیسی ساز ادارے بورڈ آف گورنرز کے اراکین نے ورلڈ کپ میں شکست خوردہ ٹیم کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ شکستوں کے گرداب میں پھنسی ٹیم بائونس بیک اور شائقین کی توقعات پوری کرے گی۔ پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد کرکٹرز، کوچز اور پی سی بی حکام شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ چیئرمین احسان مانی، ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ سے آنے والے ایم ڈی وسیم خان ، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور بورڈ آف گورنرز کے اراکین اس بات پر متفق تھے کہ اس مرحلے پر افراتفری کا شکار ہونا دانشمندی نہیں ہوگی۔ ٹورنامنٹ کے بعد ٹیم کی تین سالہ کارکردگی کا تجزیہ کیا جائے گا۔ منیجر اور کوچز کی رپورٹ اور سفارشات کی روشنی میں فیصلے کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ موجودہ کپتان ، کوچز اور سپورٹ اسٹاف کی تقرریاں سابق بورڈ انتظامیہ نے کی ہوئیں ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ٹیم کی پرفارمنس توقعات کے مطابق نہیں۔ اجلاس میں پی سی بی کے ایم ڈی کو اختیارات دینے کی توثیق کردی گئی، کوچز اور سلیکشن کمیٹی کی تعیناتی کے اختیارات ایم ڈی کو مل گئے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کی تعیناتی پی سی بی چیئرمین، ایم ڈی کی مشاورت سے کرے گا۔ واضح رہے کہ سرفراز احمد کی تقرری ورلڈ کپ تک ہوئی ہے جبکہ مکی آرتھر، طلعت علی اور ٹیم انتظامیہ کے عہدوں کی معیاد پندرہ جولائی تک ہے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی لابنگ اور ڈپلومیسی بھی ناکام دکھائی دے رہی ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ نے 3سال کا کنٹریکٹ مکمل ہونے کے بعد مزید معاہدہ نہ کرنے اور انہیں گھر بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی سی بی کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر، ٹیم مینیجر طلعت علی، بولنگ کوچنگ اظہر محمود اور دیگر کوچنگ اسٹاف سمیت پوری سلیکشن کمیٹی کو فارغ کیا جاسکتا ہے۔ انضمام الحق کی سلیکشن کمیٹی کو بھی رخصت کردیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی اگلی کمٹمنٹ ستمبر اور اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہے، سوچ سمجھ کر فیصلے ہوں گے، ٹورنامنٹ کے دوران کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہوسکتے۔ بدھ کو لاہور میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی زیرصدارت گورننگ بورڈ کے اجلاس کے دوران قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں کارکردگی، ٹیم اسٹرکچر، فرسٹ کلاس کرکٹ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ میچ آفیشلز اور پلیئرز کے تبادلے پر بات چیت ہوئی جب کہ ورکشائر کاؤنٹی کے ساتھ بھی پلیئرز کے تبادلے کا معاہدہ ہوچکا ہے۔ پی سی بی کے مطابق پی سی بی آئندہ سال باصلاحیت فرسٹ کلاس کھلاڑیوں کو تجربے اور ٹریننگ کے لئے انگلینڈ بھی بھیجے گا۔ پی سی بی گورننگ بورڈ نے بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم کو کمرشلائز کرنے کا فیصلہ کیا جس کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔

تازہ ترین