• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے ساتھ سیاسی کیسز میں استعمال کیلئے ایکسٹراڈیشن ٹریٹی نہیں کریں گے، جیرمی ہنٹ

لندن(مرتضیٰ علی شاہ) برطانوی فارن سیکرٹری جیرمی ہنٹ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ ایسے کسی ایکسٹراڈیشن ٹریٹی پر دستخط نہیں کرے گا جس کو سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے کیسز کیلئے استعمال کیا جا سکے۔ جیرمی ہنٹ نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ گزشتہ روز فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس (ایف سی او) میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دونوں ملکوں نے ایکسٹراڈیشن ٹریٹی کے ایشو پر بات کی ہے۔ ونوں وزرائے خارجہ نے ایکسٹراڈیشن ٹریٹی اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) کے ایشوز پر جیو اور دی نیوز کے سوالات کے جواب دیئے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایساکوئی ایکسٹراڈیشن ٹریٹی پاکستان کے ساتھ نہیں کیا جائے گا جس کے ذریعے سیاسی بنیاد پر کسی کی حوالگی ہو سکے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم ایکسٹراڈیشن ٹریٹی کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہتے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ٹریٹی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم نے فارن سیکرٹری کے ساتھ اس معاہدے کی راہ میں حائل رکاوٹ سزائے موت کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ ہم نے عزم کا اظہار کیاہے کہ پاکستان پینل کوڈ میں ترامیم کریں گے۔ ہم نے یہ ترمیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کا غلط استعمال نہیں کیا جائے گا۔ تاہم ایک ایسا انوائرمنٹ ہے جس پر بات کرنے کی ضرورت تھی۔شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف پر برطانیہ کی اپروچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس بارے میں تعمیری مذاکرات کئے۔برطانوی حکومت نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ یہ پسند نہیں کرے گی کہ پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیل دیا جائے۔ درحقیقت وہ ہماری مدد کرنا چاہتے ہیں اورہم نے گرے لسٹ سے باہر آ کر خود اپنی مدد کی ،ہماری اپروچ بالکل واضح ہے کہ اس فرنٹ پر کس طرح تعاون کریں ۔ اورلینڈو میں برطانوی وفد ہمارے لئے کافی مددگار ثابت ہوا۔ برٹش فارن سیکرٹری جیرمی ہنٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات اور روابط انتہائی شان دار ہیں ۔ ہم نے باہمی تجارت، علاقائی کشیدگی اورکئی شعبوں میں تعاون کے حوالے سے اچھے مذاکرات کئے اور ہم کشیدگی میں کمی کیلئے مل کر کام کریں گے۔ سیکرٹری آف سٹیٹ فار انٹرنیشنل ٹریڈ نے پاکستان کیلئے سپورٹ 400 ملین پونڈ سے بڑھا کر ایک ارب پونڈ کر دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے اس سے بڑی خوشی ہوئی ہے کہ برٹش ایئرویز نے حال ہی میں لندن سے پاکستان کیلئے پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان اور برطانیہ برسوں سے بہت اچھے دوست ہیں اور آج ہم اس دوستی کی توثیق کر رہے ہیں۔ میں کئی مواقع پر مسٹر قریشی سے ملا ہوں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں جانب سے ریجنل ایشوز سمیت متعدد معاملات پر بات چیت ہوئی اور کس طرح پی ٹی آئی کی حکومت نے پلوامہ حملے کے بعد کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے کردار ادا کیا اور کس طرح ان کی حکومت نے منی لانڈرنگ، ٹیرر فنانسنگ، ایف اے ٹی ایف کے ایشوز سے نمٹنے کیلئے کردار ادا کیا ہے اور ان تمام ایشوز پر پاکستان کہاں کھڑا ہے۔ انہوں نے کہام کہ دونوں ملکوں میں زبردست صلاحیت اور استعداد ہے۔ جیرمی ہنٹ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے کرپشن سے نمٹنے کیلئے ٹھوس عزم ،ایف اے ٹی ایف میں پیشرفت خوش آئند، حوصلہ افزا اور قابل تعریف ہے اور ان ایریاز میں مزید پیشرفت کی جا سکتی ہے ۔ فارن سیکرٹری نے کہا کہ حکومت پاکستان یہ واضح تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ کرپشن کی لعنت کا خاتمہ ہے میرے خیال میں اس سلسلے میں کافی کام کیا گیا ہے۔ مسٹر قریشی نے کہا کہ کرپشن سے نمٹنے کیلئے پی ٹی آئی کا موقف اور عزم بالکل واضح ہے۔ یہ انتہائی اہم ہے ۔ ہم وسیع تر احتساب کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ چوری شدہ اثاثے واپس لئےجانے چاہیں۔ پاکستان میں ایسٹس ریکوری یونٹ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کرپشن کے خاتمے کیلے جو کچھ بھی کر سکتی ہے وہ کر رہی ہے۔

تازہ ترین