• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میثاق معیشت پیشکش،اپوزیشن کو فیس سیونگ نہیں دینگے،فردوس عاشق

کراچی(جنگ نیوز)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی میثاق معیشت کی پیشکش فیس سیونگ ہے جو حکومت نہیں دے گی، میثاق معیشت عمران خان کی سوچ اور حکومت کا موقف نہیں اپوزیشن کا بیانیہ ہے،اسپیکر اگر اس پر وزیراعظم سے بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی کمیٹی بن رہی ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہی تھیں۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ ، سابق کرکٹر سکندر بخت اور سابق آل راؤنڈ ر عبدالرزاق سے بھی گفتگو کی گئی۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قرضوں پر انکوائری کمیشن جانبدارانہ ہوگا انصاف کی توقع نہیں کی جاسکتی،کمیشن کی سربراہی جس شخص کو دی گئی ہے اسے ڈی جی اینٹی کرپشن لگانے کیلئے راتوں رات قانون میں ترمیم کی گئی تھی،انکوائری کمیشن کی سربراہی سپریم کورٹ کے سینئر جج کو دیدی جائے سب پیش ہوجائیں گے۔میزبان شہزاد اقبال نے اپنے تجزیے میں کہا کہ مریم نواز کی میثاق معیشت کی تجویز کی مخالفت کے بعد شہباز شریف اپنی ہی پارٹی میں تنہا کھڑے نظر آرہے ہیں، مریم نواز کے بیانات سے ایک بار پھر نواز شریف اور شہباز شریف خاندان کی سیاسی سوچ میں فرق واضح ہو رہا ہے، ن لیگ کی سینئر قیادت بھی میثاق معیشت کے معاملہ پر شہباز شریف کا ساتھ چھوڑتی نظر آرہی ہے۔سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ شعیب ملک کے پیچھے بہت مضبوط سفارشیں ہیں، شعیب ملک ون ڈے سے ریٹائر ہوجا ئے گا مگر ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا، وہ پاکستان کیلئے ٹی ٹوئنٹی کا ورلڈکپ کھیلنا چاہتا ہے، شعیب ملک کے پیچھے وزراء کا نام لے کر مشکل میں نہیں پڑنا چاہتا ہوں، آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کپتان سرفراز احمد کو گھر بھیج کر شعیب ملک کو کپتان بنانے کی کوشش کی گئی، پاکستان کے کئی سپر اسٹارز کا 400میچ کھیلنے کے بعد 23کا ایوریج ہے۔سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ ہم جن پاکستانی کھلاڑیوں کو ورلڈ کلاس کہتے ہیں ان کی پوری دنیا میں کوئی عزت نہیں ہے، ورلڈکلاس کھلاڑی وسیم اکرم، مرلی دھرن، رکی پونٹنگ، ٹنڈولکر جیسے ہوتے ہیں۔

تازہ ترین