• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امر یکہ ایران کو خطرناک ملک ثابت کر کے اسلحہ بیچنا چاہتا ہے، حامد موسوی

اسلام آباد( اپنے نامہ نگار سے ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ امریکی اقتصادیات کا سرچشمہ جنگ ہے خلیج میں جنگی ماحول کا مقصد ایران پر دباؤ سے زیادہ عربوں کے خزانے خالی کرنا ہے اور ایران کو خطرناک ملک کے طور پر پیش کرکے خلیجی ممالک کومزید اسلحہ بیچنا چاہتا ہے۔مسلم حکمران غیروں کے مہرے بنے رہے تو شیطانی قوتیں ان کے اثاثے لوٹتی رہیں گی ۔ امریکہ کو ایران یا کسی اور ملک سے نہیں بلکہ سب سے بڑا خطرہ اپنی پالیسیوں سے ہے ، امریکہ اوراسکے پٹھو بھارت و اسرائیل جنگی مجرم ہیں۔ عالمی امن اور انصاف کے اداروں کا معیار دوہرا اور منافقانہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ بنگش و اورکزئی کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ استعماری قوتوں کے کارخانے اسلحہ کی خریدو فروخت پر چلتے ہیں ان کی معیشت کی مضبوطی کیلئے جنگ ضروری ہے ویت نام سے لے کر اب تک امریکہ کو رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن جنگی ماحول پیدا کرکے وہ اسلحہ بیچتا رہا اور بیچ رہا ہے ۔آغا حامد موسوی نے کہا کہ امن پسند قوتیں اور اقوام متحدہ امریکی عزائم کو روکیں۔ دنیا ذہن نشین رکھے کہ خلیج ہو یا جنوبی ایشیا، جنگ کا شعلہ آتش فشاں بن سکتا ہے پھر کوئی نہیں بچے گا۔لہذا عالمی قوتوں کو سوجھ بوجھ سے کام لینا ہوگا ۔
تازہ ترین