• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب تک ایوان چاہے گا منصب پر رہوں گا، حالیہ مقدمات پانی کا بلبلہ ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ جب تک پارٹی اور ایوان چاہے گامیں اس منصب پررہونگا،کل کا علم صرف اللہ کو ہے ،ہم ہر چیز کے لئے تیار ہیں، یہ حالات پہلے بھی دیکھ چکے ہیں،حالیہ مقدمات پانی کابلبلہ ہیں ،ہم تمام کیسز میں سرخروہونگے، آپ اپنی فکر کریں ،قوم کوجس عذاب میں ڈالاہے اس سے کس طرح نکالیں گے؟،لوگ کہتے ہیں کہ عذاب آیا ہے مگریہ کہتے ہیں کہ خان آیا،مجھے معلوم ہے اسلام آباد میں مجھے پسند نہیں کیا جاتا، ساری زندگی وزیر اعلیٰ نہیں رہوں گا ۔سندھ حکومت مالی مشکلات کے باوجود سندھ کے عوام کی بھر پور انداز میں خدمت کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔انہوں نے یہ بات منگل کو سندھ اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر گزشتہ سات روز سے جاری بحث کو سمیٹے ہوئے کہی جبکہ سندھ اسمبلی میں مالی سال 2019-20ءکے بجٹ پر تقریرکرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی کے رکن فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کے لئے ایک سنگین بیماری ہے جس کا علاج صرف شفاف احتساب سے ممکن ہے،فریال تالپور آصف علی زرداری کی جائیداد سامنے آچکی ہے ،علیمہ باجی کی پراپرٹی بھی سامنے آئی ہے ، ہم علیمہ باجی کو بھی سزا دینگے۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم سندھ کے حقوق پر ہردم بات کریں گے اور اس پر بات کریں گے کیونکہ میری قیادت نے اس بات کا سبق دیا ہے ،میرے خلاف بات کرلیں مگر میری دھرتی کے خلاف کوئی بات کرے گاتو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ بجٹ تقاریر اس طرح کی گئیں جس سے ثابت کرنا مقصود ہو کہ سندھ کے لوگ بڑے ظالم ہیں اور نجانے کیسے خطرناک بھی ہیں۔

تازہ ترین