• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈالر،سونا ریکارڈ مہنگے، بجلی، گیس کی قیمتیں بڑھانے کافیصلہ، اسٹاک میں مندی، وزیراعظم سے گورنر اسٹیٹ بینک کی ملاقات

کراچی / اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر / تنویر ہاشمی / مہتاب حیدر) پاکستان میں ڈالر اور سونا ریکارڈ مہنگے ہوگئے ہیں اور بے یقینی ، افراتفری کے ماحول میں ڈالر نایاب ہوکر مزید 6.80؍ روپے مہنگاہوگیا اور ملکی تاریخ کی ریکارڈ سطح 164پر پہنچ گیا،عالمی مارکیٹ میں فی اونس گولڈ کی قیمت میں 25؍ ڈالر نمایاں کمی کے باوجود پاکستان میں سونا 500؍ روپے بڑھ گیا اور سونے کی فی تولہ قیمت 81؍ ہزار روپے ہوگئی۔ اسٹاک مارکیٹ میں بھی شدید مندی رہی اور 100؍ انڈیکس مزید 102؍ پوائنٹس کم ہوگیا۔ ادھر حکومت نے بجلی اور گیس کی قیمتیں بھی بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس قیمتوں میں 191؍ فیصد تک اضافے اور 300؍ یونٹ سے زائد پر بجلی 1.49؍ روپے مہنگی کرنیکی مشروط منظوری دیدی بجلی کی قیمتوںمیں اضافے سے حکومت کو 190؍ ارب روپے اور گیس کی قیمتوںمیں اضافے سے 500؍ ارب روپے اضافی حاصل ہونگے۔ جبکہ نیپرا نے بھی بجلی کے فی یونٹ پر10پیسے بڑھا دیئے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان سے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بدھ کو ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق کرنسی مارکیٹ میں بے یقینی اور افراتفری کے ماحول کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر نایاب ہوگیا ،انٹر بینک میں ڈیمانڈ بڑھ گئیاور روپیہ سستا ہوگیا۔ بدھ کوروپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خریدمیں 6.50روپے اور قیمت فروخت میں 6.80روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 157.00؍ روپے سے بڑھ کر 163.50؍ روپے اور قیمت فروخت میں 157.20؍ روپے سے بڑھ کر 164.00؍ روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید میں 6.00؍ روپے اور قیمت فروخت میں 6.30؍ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 156روپے سے بڑھ کر 162روپے اوریمت فروخت 156.70؍ روپے سے بڑھ کر 163روپے ہوگئی۔ ادھر بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں25؍ ڈالر کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں فی اونس سونے کی قیمت 1429؍ ڈالر سے گھٹ کر 1404؍ ڈالر ہوگئی۔ دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میںفی تولہ سونے کی قیمت میں500روپے اور10گرام سونے کی قیمت میں428روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میںفی تولہ سونے کی قیمت80500روپے سے بڑھ کر81000روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 69016روپے سے بڑھ کر 69444؍ روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں ایف اے ٹی ایف کے بارے میں پھیلنے والی منفی خبروں اور سیاسی کشیدگی کے باعث بدھ کو کاروبار کے آغاز میں مندی چھائی رہی لیکن دوسرے سیشن میں حکومتی مالیاتی اداروںسمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز اچانک سرگرم ہو گئے اور ان کی جانب سے بڑے پیمانے پر خریداری دیکھی گئی تاہم مندی برقرار رہی ، 100انڈیکس مزید 102؍ پوائنٹس کم ہو گیا ۔دوسری جانب بدھ کوای سی سی کااجلاس مشیر امور خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں191فیصد تک اضافے اور بجلی کی قیمتوں میں اوسطاً ایک روپے 49پیسے فی یونٹ اضافے کی مشروط منظوری دے دی ، حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی ، بجلی کی قیمتوںمیں اضافے سے 300یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو استثنیٰ حاصل ہوگا ، ای سی سی نے برآمدی شعبے کے لیے 3تین روپے فی یونٹ سبسڈی کی سہولت واپس لینے کا بھی فیصلہ کیا تاہم پیک ہاور کے دوران سبسڈی کی سہولت حاصل رہے گی، بجلی کی قیمتوںمیں اضافے سے حکومت کو 190؍ ارب روپے اور گیس کی قیمتوںمیں اضافے سے 500؍ ارب روپے اضافی حاصل ہونگے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے قرضے کی منظوری سے قبل تقریباً تمام شرائط پر عملدرآمد کر دیا ہے اور تین جولائی سے قبل جب 6ارب ڈالر کے قرضے کو منظوری کےلیے ایگزیکٹو بورڈ کے سامنے پیش کیا جائیگا اس سے قبل شرائط پر عملدرآمد کرنا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ یہ بات وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان میں بتائی گئی۔علاوہ ازیں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے مئی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی 10 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ بدھ کو اس سلسلے میں نیپرا میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ کی طرف سے دی جانے والی درخواست کی سماعت کی گئی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے فی یونٹ بجلی ساڑھے21 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔

تازہ ترین