• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیپٹل گین ٹیکسوں کو 10 سے کم کرکے 8 سال کردیاگیا،دیگر ٹیکسوں کی شرح میں کمی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) فنانس بل 2019 میں ترامیم کر تے ہوئے غیر منقولہ جائیداد پر کیپٹل گین ٹیکس کو 10سال سے کم کر کے 8سال اور ٹیکسوں کی شرح میں بھی کمی کر دی گئی ہے، تمباکو کی تیاری پر ڈیوٹی کم، پرنٹنگ پیپر پرڈیوٹی پہلے والی پوزیشن پر بحال،آٹو رکشا فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے مستثنیٰ کردیا گیا ہے، ایف بی آر کےمطابق 50لاکھ روپے مالیت تک جائیداد پر کیپٹل گین ٹیکس 5فیصد ، 50لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے مالیت تک 10فیصد، ایک کروڑ روپے سے ڈیڑھ کروڑ روپے تک 15فیصد اور ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی جائیداد پر 20فیصد کیپٹل گین ٹیکس عائد ہوگا، فنانس بل میں تمباکو کی تیار ی پر عائد 300روپے فی کلوگرام فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو کم کر کے واپس 10روپے فی کلوگرام کر دیا گیا، پرنٹنگ پیپر پر مجوزہ کسٹم ڈیوٹی میں کمی کو واپس پہلے والی پوزیشن پر بحال کر دیا گیا ہے، ایریٹڈ واٹر پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 13فیصد کر دی گئی ، آٹو رکشا کو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے مستثنیٰ کر دیا گیا ہے، فنانس بل میں سیلز ٹیکس ایکٹ 1990اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005میں ترمیم کرتے ہوئے منسٹر انچارج کے لفظ کو فیڈرل منسٹر انچارج کر دیا گیا ، برانڈ ڈ بسکٹ ، آٹو پارٹس ، ٹائلز کو ٹیکس کے تھر ڈ شیڈول میں شامل کر دیا گیا ، سویا بین کے بیج پر ٹیکس کی شرح کو 10فیصد فکس اور تین فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس درآمد ات پر ہوگا۔آئی پی پیز کمپنیوں کی صورت سے ملنے والے ڈیونڈ پر ٹیکس کی 15فیصد کی تجویز میں ترمیم کر کے ساڑھے سات فیصد اور میوچل فنڈ کی ادائیگی پر ٹیکس کی شرح 15فیصد کر دی گئی ، چینی ، سیمنٹ اور خوردنی تیل کے ڈیلرز پر ودہولڈنگ ٹیکس اور کم از کم ٹرن اوور ٹیکس 0.3فیصد کر دیا گیا جبکہ ان کی اشیاء کی سپلائی پر ودہولڈنگ ٹیکس 4.5فیصد سے کم کر کے 2.5فیصد کر دیا گیا ، ایل این جی ، آر ایل این جی ، استعمال شدہ جوتے ، کپڑے پر درآمد کے وقت عائد تین فیصد لیوی سے استثنیٰ دے دیاگیا ہے۔

تازہ ترین