• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

یقین کا سفر میں کام ٹرننگ پوائنٹ تھا، احد رضا

نوجوان نسل کے مقبول اداکاراحد رضا میرپاکستان کے معروف اداکار وگلوکار،پروڈیوسر اور پلے رائٹر بھی ہیں ۔ وہ ڈراما سیریل ”یقین کا سفر“ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار احد رضا میر نا صرف پاکستانی شوبزمیں اپنے فن کا لوہا منوارہے ہیں، بلکہ بیرون ممالک بھی اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

29ستمبر 1993میں پیدا ہونے والے اداکار کا تعلق کراچی سے ہے۔ وہ پاکستان کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے شہرت یافتہ اداکار آصف رضا میر کے بڑے صاحبزادے ہیں۔

انہوں نے ایسے گھرانے میں آنکھ کھولی جہاں ان کے والدآصف رضا میر کے علاوہ ان کے دادا احمد رضا میر پاکستانی فلم انڈسٹری کا حصہ تھے۔ ان کے دادا نے1948میں پاکستانی فلم انڈسٹری کی پہلی فلم’’ تیری یاد‘‘ میں بطور سینما گرافر کام کیا۔

احد رضا میر نے  پرفارمنگ آرٹس ہائی اسکول میں دو برس گزارے اور یونیورسٹی آف کیلگری سے فائن آرٹس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔ احد رضامیر نے 2010میں ٹی وی کی دنیا میں قدم رکھتے ہوئےڈرامہ سیریل’ ’سمی‘‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا،  لیکن وہ اپنے والد آصف رضا میر کی طرح شاندار اداکاری کا مظاہرہ نہیں کرسکے اور ناظرین کی توجہ حاصل نہ کرسکے ۔

پھر وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کی غرض سے کینیڈا شفٹ ہوگئے اور2017 میں اداکارہ سجل علی کے ساتھ ڈرامہ سیریل’ ’یقین کا سفر‘‘ میں کام کیا۔ اس ڈرامے میں وہ بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے راتوں رات شہرت کی بلندی پر پہنچ گئے۔

’’یقین کا سفر‘ میں سجل اور احد کی جوڑی کو مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔ خیال رہے کہ ڈراموں کی دنیا میں اس جوڑی نے حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کو ہمسفر چن لیا ہے۔

احد رضا میر کی عمدہ اداکاری کی وجہ سے ڈائریکٹر حسیب حسن نے ان کو 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’پرواز ہے جنون ‘‘میں کاسٹ کیا، جس میں انہوں نے’’ سعد‘‘ کا کردار بخوبی نبھایا۔ اس فلم کی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی اور ہانیہ عامر بھی شامل تھیں۔

25سالہ اداکار احد رضا میرپاکستانی ڈراموں اور سلور اسکرین میں جلوہ گر ہونے سے قبل کینیڈا میں تھیٹر پر اداکاری کے جوہر دکھاتے رہے ہیں۔ انہوں نےحال ہی میں تھیٹر پلے میں جاندار اداکاری کے جوہر دکھا کر بین الاقوامی ایوراڈ اپنے نام کیا ۔ 22ویں 'بے ٹی مچل ایوارڈ کی تقریب 24 جون کو کینیڈا میں ہوئی جس میں احد رضا میر کو مقبول ترین تھیٹر پلے ’ہیملیٹ اے گھوسٹ اسٹوری‘ میں جاندار اداکاری پر بہترین بین الاقوامی تھیٹر اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تھیٹر پلے ’’ہیملیٹ‘‘ شہرت یافتہ انگلش مصنف اور ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر کی تحریر ہے، جس کے تھیٹر پلے میں احد رضا میر نے اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے تھے۔ علاوہ ازیں 2018 میں کوک اسٹوڈیو سیزن الیون میں علی حمزہ اور زوہیب قاضی کے ساتھ اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین