• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حاصل بزنجو چیئرمین سینیٹ کے لئے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار

اسلام آباد(ایجنسیاں) اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے بلوچستان سے نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل خان بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کےلئے متفقہ طور پر اپنا امیدوار نامزد کردیا۔اس بات کا فیصلہ اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی کی سربراہی میں ہونے والے رہبر کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں شاہد خاقان ‘ فرحت اللہ بابر، نیر بخاری، عثمان کاکڑ، احسن اقبال اور دیگر شریک ہوئے‘شہباز شریف اورنیئربخاری نے چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد ہونے پر حاصل بزنجوکو مبارکباد دی ہے‘ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے بھی میر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ بنانے کے فیصلے پر اعتماد کا اظہار کردیا جبکہ اکرم درانی نے کہاہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں حاصل بزنجوکو ووٹ دیں گی اوران کو اپنا امیدوار مان کر ان کی جیت کی کوشش کریں گی‘احسن اقبال کا کہناتھا کہ حکومت کے پاس نمبرپورے نہیں جبکہ میرحاصل بزنجوکہتے ہیں کہ نوازشریف نے بلوچستان کے عوام کو یادرکھا‘چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیتنا کوئی مسئلہ نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق رہبرکمیٹی اجلاس کے بعد کنوینر اکرم درانی نے کمیٹی کے دیگر اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ کےلئے اپنا امیدوار لانے کےلئے میر حاصل خان بزنجو کے نام پر اتفاق کیا ہے اور ان کے نام پر کسی بھی پارٹی نے اختلاف نہیں کیا‘اپوزیشن کی تمام جماعتیں میر حاصل بزنجو کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گی‘ ریکوزیشن جمع کرانے کے بعد اب چیئرمین سینیٹ 14 دن کے اندر اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکمران سینیٹ اجلاس بلانے سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں تاہم کسی کو جمہوریت اور آئین کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، حکومت کے پاس نمبر پورے نہیں وہ کامیاب نہیں ہوں گے، مسلم لیگ متحد ہو کر چیئرمین سینیٹ کے لے ووٹ دے گی۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے میر حاصل بزنجو کو فون کر کے چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد ہونے پر مبارکباد دی ۔ انہوںنے کہاکہ حاصل بزنجو چیئرمین سینیٹ منتخب ہوکر آئین کی بالادستی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ علاوہ ازیں میر حاصل بزنجو نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور اور چیئرمین سینیٹ نامزد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں حاصل بزنجو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مجھ پر اعتماد کیا جو قابل ستائش ہے، نواز شریف نے اکثریتی جماعت ہوکر بلوچستان کے عوام کو یاد رکھا۔ اپوزیشن نے مجھ پر اعتماد کیا ہے ‘اس اعتماد پر پورا اتروں گا۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہار جیت ہوتی ہے، جو اعتماد مجھ پر ہوا ہے میں جیت گیا ہوں، میری نامزدگی کے بعد مجھے بلوچستان سے بہت سے ووٹ ملیں گے۔دوران گفتگو ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ حکومتی جماعتوں سے بھی ووٹ مانگیں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن لڑنے والے لوگ ہیں، جو گھر ووٹ نہ دے وہاں بھی دستک دیتے ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا معاملہ سیاسی برتری ثابت کرنا ہے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیتنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا‘کسی جماعت کے ووٹ توڑنا مناسب نہیں ۔ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوگی تمام اپوزیشن ارکان ووٹ دیں گے۔

تازہ ترین