• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی،صمصام بخاری

 کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا ہے کہ ٹرین حادثے کی وجہ غفلت بنی،شفاف تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کو فارغ کیا جائے گا،صادق سنجرانی کیخلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی، اپوزیشن کے بہت سے ارکان اپنی پارٹیوں سے مطمئن نہیں ہیں، قرضوں کا حساب ن لیگ کے موجد ضیاء الحق کے دور سے شروع ہونا چاہئے، ایک سیاسی جماعت کا سوشل میڈیا سیل انارکی پھیلانے پر لگا ہوا ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر خان، پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ اور اے این پی کے رہنما زاہد خان بھی شریک تھے۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ شیخ رشید کے دورِ میں 79ٹرین حادثات ہوچکے ہیں، شیخ رشید کی بدزبانی کی وجہ سے کچھ افسران مستعفی ہوئے تو کچھ نے چھٹی لے لی، ریل حادثوں پر وزیر سے استعفیٰ مانگنے والا اپنے وزیر سے استعفیٰ کیوں نہیں لے رہا ،اگلے تیس جون تک ڈالر 172روپے 53پیسے تک جائے گا،آئین پاکستان سے کمٹمنٹ رکھنے والے میر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ لارہے ہیں۔ناز بلوچ نے کہا کہ نئے پاکستان میں حکومتی ارکان احتساب سے مبرا ہیں، وفاقی وزیر دواؤں کی کمپنیوں سے مل کر اربوں روپے کے گھپلے کر گئے انہیں کسی نے چور نہیں کہا، حکومتی وزراء کی فاشسٹ گفتگو سے سیاسی انتقام کی سوچ واضح ہورہی ہے۔زاہد خان نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانا ضروری ہے کیونکہ سب کو پتا ہے وہ کس کا نمائندہ ہے، میں سیا سی کارکن ہوں کبھی کسی کے کہنے پر کوئی بات نہیں کرتا ہوں۔وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نےکہا کہ ریلوے حکام کے مطابق ٹرین حادثے کی وجہ غفلت بنی، ٹرین حادثہ کی شفاف انکوائری کر کے ذمہ داروں کو فارغ کیا جائے گا،ٹریک کاکوئی نٹ کھول جائے تو اسے حادثہ نہیں کہہ سکتے ہیں، ہر دور حکومت میں ٹرین حادثے ہوئے ہیں، تاجرمتفق ہیں کہ ٹیکس نہ دینے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے،تاجروں کے حقیقی تحفظات دور کرکے انہیں مطمئن کریں گے، مہذب معاشرے میں کوئی ٹیکس دینے سے انکار نہیں کرسکتا ہے۔ صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کا سوشل میڈیا سیل انارکی پھیلانے پر لگا ہوا ہے، اسی سوشل میڈیا نے آٹا مہنگا ہونے کی جھوٹی خبر اڑادی، آج کل ایک ہی سوشل میڈیا سرگرم ہے جو اپنی پارٹی پر خودکش حملہ کررہا ہے، کسی کے پاس دوسرے کو غداری کا سرٹیفکیٹ دینے کا حق نہیں ہونا چاہئے، اب کفر اور غداری کے فتوے بند ہوجانے چاہئیں۔

تازہ ترین