• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، ناساپہ اور ککڑ کے عوام کا لوڈشیڈنگ اور بوسیدہ تاروں کیخلاف احتجاج کا اعلان

پشاور(وقائع نگار)بخشی پل چارسدہ روڈ‘ ناساپہ اور ککڑ کے عوام نے لوڈشیڈنگ ‘ ٹریپنگ‘ آئے روز پرمٹ کے نام پر بجلی کی طویل بندش اور دائودزئی ون پر فیڈر پر بجلی ناکارہ اور بوسیدہ تاروں کے خلاف واپڈا ہائوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کردیا ہے دائودزئی ون فیڈر پر روزانہ رات کے وقت مین لائن کٹ جاتی ہے اور کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔ بوسیدہ اور ناکارہ تاریں جو زیادہ تر رہائشی آبادی کے اوپر سے گزر رہی ہیں جو کسی بھی وقت ناخوشگوار واقع رونما ہونے کا قوی امکان ہے اس سلسلے میں کئی بار پیسکو انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا مگر تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوا واضح رہے کہ آئے روز صبح 8 سے سہ پہر 3 بجے تک پرمٹ کے نام پر بجلی بند کردی جاتی ہے جبکہ یہ سلسلہ گذشتہ کئی ماہ سے جاری ہے جس کی وجہ سے ایک طرف کاروباری حضرات مہنگائی کی وجہ سے پریشان حال ہے جبکہ دوسری طرف روزانہ بجلی بندش کی وجہ سے کارپینٹرز‘ ویلڈرز‘ ٹیلر ماسٹرز وغیرہ شدید ذہنی دبائو کا شکار ہیں۔ حالانکہ یہاں کے عوام باقاعدگی سے بجلی کے بل جمع کروا رہے ہیں انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان‘ اور پیسکو انتظامیہ کو خبردار کیا کہ فوری طور پر دائودزئی فیڈر پر بجلی کی بندش کا نوٹس لیکر بوسیدہ اور ناکارہ تاروں کو تبدیل کیا جائے بصورت دیگر مذکورہ بالا علاقوں کے مشتعل عوام واپڈا ہائوس پشاور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔
تازہ ترین