• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کو فی الفور رہا کیا جائے، شہباز شریف

قومی اسمبلی میں قائدٍ حزبِ اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے نواز شریف کو فی الفور رہا کیا جائے۔

اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو ویڈیو اسکینڈل کے بعد ہٹانے کے فیصلے پر میاں شہباز شریف نے ایک بیان میں اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو اور اس سے جڑے تمام حقائق سچ ثابت ہو گئے ہیں، سچائی ثابت ہونے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج کو ہٹانے کے بعد نواز شریف کے خلاف فیصلہ کالعدم ہو چکا ہے اور نواز شریف کو فی الفور رہا کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو جیل میں ایک منٹ بھی قید رکھنا اب غیر قانونی ہے، جج کو ہٹانے کے بعد انہیں جیل میں رکھنے کا جواز ختم ہو گیا ہے۔

شہباز شریف نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خلاف دباؤ کے تحت دیے گئے فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک کے خلاف کئی متنازع ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے ارشد ملک کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ارشد ملک نے اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ کر اپنا بیان حلفی بھی جمع کرایا تھا، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ ویڈیوز مجھے بلا وجہ بدنام کرنے کے لیے ایڈیٹ کر کے چلائی گئی ہیں۔

تازہ ترین