• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کا ہر دعویٰ جھوٹا نکلا، بلاول بھٹو

سکھر (بیورو رپورٹ، چوہدری محمد ارشاد) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کی طاقت سے سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجیں گے اور عوامی حکومت بناکر رہیں گے، کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، ایک سال کے دوران سلیکٹڈ حکومت نے ملکی معیشت تباہ کردی، عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا او رہر نعرہ دھوکہ نکلا، پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی حکومت کے بجٹ کیخلاف سکھر سے نکالی جانیوالی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کا یہی پیغام ہے کہ نہ کھپے نہ کھپے عمران کا نیا پاکستان نہ کھپے، بھٹو، بینظیر کا پاکستان کھپے، عوام دشمن بجٹ کیخلاف ریلی پنجاب بارڈر تک لیکر جائینگے، سب کو ساتھ چلنے کی دعوت دیتا ہوں تاکہ عوام کا پیغام اسلام آبادتک پہنچ جائے۔ ہم عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ، مہنگائی کا مقابلہ، سلیکٹڈ، کٹھ پتلی، ظالم حکومت کا مقابلہ کرنے کے لئے نکلے ہیں، عوام کے جمہوری، معاشی، انسانی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد میں عوام ہمارا ساتھ دینگے، اگر عوام ہمارا ساتھ دینگے تو کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی۔ اس موقع پر صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو، سید خورشید احمد شاہ، سید ناصر حسین شاہ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم اپنے صوبے، عوام کے جمہوری، معاشی و انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے نکلے ہیں۔ بجٹ میں عوام کے لئے تکلیف، امیروں کے لئے ریلیف ہے، جن کیخلاف عمران 20سال تک شروع مچاتا تھا، ان چوروں، لٹیروں، ڈاکوؤں اور کرپٹ کے لئے بجٹ میں ایمنسٹی اسکیم، این آر او ہے۔ عوام دشمن بجٹ میں ہر چیز مہنگی کردی گئی، غریب عوام پر بوجھ ڈالا گیا، ارب بتی بینکرز، اسٹاک بروکرز کے لئے اربوں روپے کا بیل آؤٹ ہے، عام، غریب، مزدور، کسان، محنت کشوں کے لئے اس بجٹ میں مہنگائی کا سونامی ہے، ٹیکسز کا طوفان ہے۔ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دوں گا، آپ مجھے بتائیں کہ کیا خان نے آپ کو ایک نوکری بھی دی؟ عمران خان نے کہا تھا کہ 50لاکھ گھر بناؤں گا، کیا عمران خان نے آپ کے لئے ایک گھر بنایا ہے؟ اس کے برعکس یہ تو غریبوں کے سروں سے چھت چھین رہے ہیں، غریبوں کی جھونپڑیاں، چھوٹی چھوٹی دکانیں گرائی جارہی ہیں، یہ ہے نیا پاکستان۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے معاشی حقوق کی جدوجہد کی، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے غریب عوام کے لئے آواز بلند کی، انہیں حقوق دیے، بے زمین کسانوں کو زمین کا مالک بنایا، مزدوروں کو صنعتوں کا مالک بنایا، نوجوانوں کو ملک و بیرون ملک میں روزگار دیا۔ قبائلی علاقوں سے لیکر بلوچستان تک لیڈی ورکرز آپ کی صحت کا خیال رکھ رہی ہیں اور اپنے خاندان کی کفالت کررہی ہیں، یہ محترمہ شہید بینظیر بھٹو کا کارنامہ ہے۔دریں اثناء رابطہ عوام مہم کے دوران ڈھرکی سمیت ضلع گھوٹکی بھر کے تمام چھوٹے بڑے مختلف مقامات پر بلاول بھٹو زرداری کے استقبال کے لئے جمع ہونے والے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی سلیکٹڈحکومت ملک بھر میں پی پی پی کی عوام میں بھرپور پذیرائی سے خوفزدہ ہو کر اوچھے ہتکنڈوں پر اتر آئی ہے، نا تجربہ کار حکومت نے ملکی معیشت کا بھٹا بٹھااور عوام کا چولہا تک بجھا کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے پی پی پی سے شکست کے حوف کا تو یہ عالم ہے کہNA-205 گھوٹکی ٹو کی سیٹ پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں ہمارے نامزد امیدوار کے خلاف اوچھے ہتکنڈوں پر اتر آئی ہے۔مگر حکومت کان کھول کر سن لے کہ اگراس ضمنی الیکشن میں ہمارے عوامی مینڈیٹ پر اثر انداز ہو کر کسی بھی طرح ڈاکہ ڈالنے کی بھونڈی کوشش کی گئی تو پھرہم حکومت کے خلاف کھلم کھلا دما دم مست قلندر کر دینگے۔
تازہ ترین