• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عزیز آباد ،پانی کے مصنوعی بحران پر علاقہ مکینوں میں اشتعال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عزیز آباد بلاک8 میں گزشتہ کئی سالوں سے پانی کا بحران ہے کسی بھی وقت نقص امن کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کے ایک سب انجینئر نے گزشتہ کئی سالوں سےعلاقے میں قائم فیکٹری اور دیگر بااثر افراد کو ارزاں قیمت پر کنکشن دے کر دیکر پانی کا بحران پیدا کیا ہوا ہے۔ عزیز آباد کے علاقہ مکینوں نے کئی دفعہ کراچی واٹر بورڈ کے ذمہ داران کے نام اس کے خلاف درخواستیں لکھیں اور ان درخواست پر ادارے کے ذمہ داروں نے انکوائری بھی کی لیکن ادارے کے اعلی افسران بھی کارروائی کرنے میں پہلوتہی اختیار کئے ہوئے ہیں مکینوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی واٹر بورڈ کا سب انجینئرگزشتہ کئی سالوں سے عزیز آباد کے مختلف بلاکوں میں پانی کے کنکشن اپنی مرضی سے فراہم کررہا ہے۔ اس علاقے کے کئی لوگوں نے متعدد بار کراچی واٹر بورڈ کے دفتر میں تحریری درخواستیں بھی جمع کرائیں تاہم کو ئی کارروائی نہیں کی گئی۔علاقہ مکینوں نے وزیر بلدیات اور ایم ڈی واٹر بورڈ سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور عزیز آباد میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کریں۔
تازہ ترین