• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ سعید گرفتار، جیل منتقل، میرے 2 سالہ دباؤ کانتیجہ ہے، ٹرمپ

لاہور‘واشنگٹن( ایجنسیاں) کائونٹر ٹیر ر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید کو دہشتگردی کی مالی معاونت کے کیس میں گرفتار کرلیا ہے ‘ انسداد دہشت گردی عدالت نے حافظ سعید کو 7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل منتقل کرنے کا حکم دیدیا ‘امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حافظ سعید کی گرفتاری کو پاکستانی حکام پر اپنے دوسالہ دباؤکا نتیجہ قرار دیاہےجبکہ امریکا کی قائم مقام نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز نے حافظ سعید کے خلاف مکمل عدالتی کارروائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیاہے ‘بھارتی حکومت کے ذرائع نے حافظ سعید کی گرفتاری کو دکھاوا قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ہم حقیقی ایکشن چاہتے ہیں ‘ ان کے خلاف عدالتی کارروائی چلنی اورسزا سنائی جانی چاہئے ‘ ادھر ترجمان وزیراعلی پنجاب شہباز گل نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت داخلی معاملات جن میں غیر قانونی طور چندہ اکٹھا کرنے اور ادارے چلانے پر حافظ سعید کو گرفتار کیا گیا ہے‘انہوں نے کہا کہ ملک میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں ہو رہی ہیں اور حکومت اس حوالے سے ضروری اقدامات اٹھاتی آئی ہے۔ جماعت الدعوۃ کے ترجمان کے مطابق حافظ محمد سعید کو لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سی ٹی ڈی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ حافظ سعید کو کامونکی ٹول پلازہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا جس کے بعد انہیںکوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حافظ سعید کو گوجرانوالہ میں محکمہ انسداد دہشتگردی میں درج مقدمے میں گرفتاری کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق حافظ سعید کے خلاف چالان جلد مکمل کر کے عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق حافظ سعید اس مقدمے میں ہی ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے گوجرانوالہ جا رہے تھے کہ راستے میں گرفتار کر لیا گیا ۔دوسری جانب صدرٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 10 سال کی تلاش کے بعد ممبئی دہشتگرد حملوں کے نام نہاد ماسٹر مائنڈ کو پاکستان سے گرفتار کرلیا گیا ہے، گزشتہ 2 برس سے پاکستان پر اس کی گرفتاری کیلئے شدید دبا ڈالا جارہا تھا۔

تازہ ترین