• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرا میں ثبوت تھے تو دوسرے مقدمات میں گرفتاری کیوں، شہبازشریف

لاہور(ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے زلزلہ زدگان کے فنڈز میںخرد برد سے متعلق خبر کے خلاف برطانوی عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے میرے بغض اور حسد میں پاکستان کے خلاف گھناؤنی سازش کی اور ملک کو بدنام کیا‘یہ ایٹمی حملے سے کم نہیں ،لندن کی عدالت میں جارہا ہوں اور برطانیہ کی عدالت میں پاکستان کی عزت بحال کرائیں گے، اگر میرے خلاف فیصلہ آیا تو قوم سے معافی مانگ کر سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گا اور ہر سزا بھگتنے کیلئے تیار ہوں ، اگر عدالت سے عمران خان کے خلاف فیصلہ آئے تو پھر قوم اس کی سزا تجویز کرے‘اگر ایرامیں میری کرپشن کے ثبوت تھے تو آشیانہ اورگندانالہ کیس میں مجھے گرفتارکیوں کیاگیا‘اگر کرپشن ثابت ہوجائے تو میری لاش کو نکال کر پھانسی پر لٹکا دیاجائے‘نوازشریف کو دباؤ میں آکر سزا سنانےوالے وہی جج ارشد ملک ہیں جنہوں نے ملک کو اربوں کا نقصان پہنچنے والےپی ٹی آئی کے ڈاکٹر بابر اعوان کو رہا کیا ہے‘شاہد خاقان کو بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا‘ہم نے پہلے بھی نیب کو بھگتا ہے اورآئندہ بھی بھگتیں گے لیکن عمران خان کو یہ سودا بہت مہنگا پڑے گا‘ عمران خان ایک ناکام، ضدی، غصے سے بھرے ہوئے، مغرور اور سلیکٹڈ وزیر اعظم ہیں‘ان کے دماغ میں بھوسہ بھراہواہے‘ہماری گر دن کٹ تو سکتی ہے مگر تمہارے سامنے جھک نہیںسکتی ‘ چیئرمین نیب حکومت کے آلہ کار نہ بنیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں احسن اقبال ، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب ، عطاءاللہ تارڑ او ردیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج عمران نیازی اور نیب کی ملی بھگت سے مسلم لیگ (ن)کی قیادت پر بھرپور وار ہوا ہے اور ایک بھونڈے طریقے سے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا گیا‘نیب کے پاس وارنٹ نہیں تھے، ڈی جی نیب نے انہیں پہلے واٹس ایپ پیغام دکھایا جبکہ پھر وارنٹ گرفتاری کی کاپی دکھا کر حراست میں لیا ‘عمران خان تباہ شدہ معیشت کے جنازے کو ان گرفتاریوں کے پیچھے چھپانا چاہتے ہیں‘ شاہد خاقان کا قصور یہ ہے کہ وہ نواز شریف کا ساتھی ہے اور دلیر آدمی ہے جو سمجھوتہ نہیں کرتا‘شفاف انصاف پر مبنی احتساب پاکستان میں کہاں ہے ، یہ احتساب کے نام پر مسلم لیگ (ن)کے خلاف بدترین انتقام ہے۔

تازہ ترین