• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرکل بھی خواتین ارکان کانگریس کیخلاف ٹرمپ کے بیانات پر نالاں

برلن(این این آئی )جرمن چانسلر انجیل مرکل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر سفیدفام خواتین امریکی ارکان کانگریس کے بارے میں متنازع بیان پر تنقید کی ہے اورکہاہے کہ وہ صدر ٹرمپ کی بیان بازی سے بھرپور اظہار لاتعلقی کرتی ہیں اور جن چار خواتین پر زبانی حملوے کیے گئے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہیں۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مرکل نے یہ بیان دارالحکومت برلن میں اپنی سالانہ پریس کانفرنس میں دیا۔جرمن چانسلر نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا بیان امریکی اقدار کے منافی ہے کیونکہ امریکہ کی ترقی میں مختلف رنگ و نسل کے لوگوں کا اہم کردار رہا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اکثر ایسے بیانات دیتے رہے ہیں، جن کی امریکہ کے اندر اور باہر بھی سخت مذمت ہوتی رہی ہے۔ پچھلے ہفتے انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کی چار خواتین ارکان کے بارے میں متعدد ٹوئیٹس میں انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں مشورہ دیا کہ اگر وہ امریکہ میں خوش نہیں، تو وہ ملک چھوڑ کر جا سکتی ہیں۔ اس بیان پر امریکہ میں شدید رد عمل سامنے آیا اور امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ٹرمپ کے 'نسل پرستانہ بیانات کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کی صدر ٹرمپ کا اصرار ہے کہ ان کے بیان نسل پرستانہ ہرگز نہیں لیکن انہوں نے اپنے بیان پر نظر ثانی کر نے کے بجائے ریاست نارتھ کیرولینا میں منعقدہ ایک جلسے میں پھر اپنے متنازع جملےدہرائے جس پر ان کے حامیوں نےبھی اراکین کانگریس کیخلاف 'انہیں واپس بھیجو کے نعرے لگائے۔
تازہ ترین