بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور چاکلیٹی ہیرو رنبیرکپور کی شادی کے حوالے سے پچھلے کچھ عرصے سے کافی خبریں گردش کررہی ہیں تاہم اب ایک اور نئی خبر سامنے آئی ہے کہ عالیہ بھٹ نے اپنی شادی کے لیے لہنگے کا آرڈر دے دیا ہے۔
بھارتی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی جانب سے اب تک شادی سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے البتہ یہ خبر سامنے آئی ہے کہ عالیہ بھٹ نے اپنی زندگی کے سب سے اہم موقع یعنی شادی کےدن پر پہنے جانے والا لہنگا بھارت کی مشہور ڈیزائینر ’سبیاساچی مکھرجی‘ کو تیار کرنے کے لیے آرڈر دے دیا ہے۔
’سبیاساچی مکھرجی‘ کا نام بھارت کے چند مشہور اور بہترین ڈیزائینرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ عالیہ بھٹ کی پسندیدہ ڈیزائینر ہیں جن کے تیار کردہ ملبوسات عالیہ کئی اہم تقریبات میں زیب تن کیے نظر آئی ہیں۔
سبیاساچی صرف عالیہ ہی کی پسندیدہ ڈیزائینر نہیں ہیں بلکہ اس سے قبل دیپکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا اور انوشکا شرما بھی اپنی شادی کے لیے ساڑھی، لہنگا اور دیگر سوٹ ان سے ڈیزائن کروا چکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور نے اب تک نہ تو شادی سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے اور نہ ہی تصدیق، ہاں البتہ دونوں کئی مرتبہ اس بات کا اعتراف ضرور کرچکے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے لیے بہت خاص ہیں۔
اس کے علاوہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یہ جوڑا اگلے سال اپریل میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا جب تک رنبیر کے والد اداکار رشی کپور بھی امریکا سے بھارت واپس آجائیں گے۔
واضح رہے کہ رشی کپور آج کل امریکا میں مقیم ہیں جہاں اُن کا علاج جاری ہے۔
عالیہ بھٹ کی سبیا ساچی ساڑھی اور لہنگے میں کچھ تصاویر: