• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے مسلسل نظر انداز ہونے والے کھلاڑی فواد عالم ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔ ٹوئٹر پر’امام الحق ایکسپوزڈ‘ کے بعد اب پیش ہے’ فواد عالم ایکسپوزڈ‘۔

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فواد عالم کے لئے بھی سوشل میڈیا پر مہم کا آغاز ہوگیا لیکن یہ مہم منفی نہیں مثبت ہے۔

گزشتہ دنوں ٹوئٹر پر اداکار محسن عباس حیدر اور پھر اوپنر امام الحق کے بارے میں انکشافات کئے گئے، اب سوشل میڈیا صارفین نے کرکٹر فواد عالم کے لئے بھی ایک ٹرینڈ #FawadAlamExposed بنا ڈالا جس کا مقصد فواد عالم کو مستقل نظر انداز کرنے کے خلا ف آواز بلند کرنا ہے۔

فواد عالم کے مداحوں کی جانب سےان کے لئے مسلسل ٹوئٹس کئے جا رہے ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ اگر آپ کو کسی کو بے نقاب کرنا ہی ہے تو فواد عالم جیسے لوگوں کو بے نقاب کریں جو ٹیلنٹ ہونے کے باوجود پی سی بی کی جانب سے مستقل نظر انداز کئے جارہے ہیں۔

مداحوں کی جانب سے شروع کئے گئے اس ٹرینڈ کو کرکٹ مبصرین کی جانب سے بھی بے حد سراہا جارہا ہے البتہ فواد عالم کی جانب سے مداحوں کی اس کاوش پر کوئی رد عمل نہیں آیا۔

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے33 سالہ بیٹسمین فواد عالم کو کئی سال سے سیکڑوں مرتبہ نظر انداز کیے جانے کے کرب سے دوچار ہونا پڑا ہےالبتہ حوصلے اور عزم کے معاملے میں فواد عالم نے فولادی قوت پائی ہے۔


3ٹیسٹ، 38 ایک روزہ اور 24ٹی 20 میچز میں گرین شرٹس کی نمائندگی کرنے والے فواد عالم کے لئےاُن کے چاہنے والوں کی جانب سے تو آواز اٹھائی گئی ہے تاہم اب یہ دیکھنا ہے کہ سیلکشن بورڈ تک اُن کے مداحوں کی آواز پہنچتی ہے یا نہیں ۔

کراچی میں 8 اکتوبر 1985 کو پیدا ہونے والے فواد عالم نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے کیرئیر کا آغاز 2007 میں سری لنکا کے خلاف کیا، آل راونڈر فواد عالم بائیں ہاتھ سے بلے بازی اور بائیں ہاتھ سے اسپن بالنگ کراتے ہیں۔ فواد عالم نے ایک روزہ کیرئیر کا آغاز 2007 میں کیا اور آخری مرتبہ 2015 میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز 2009 میں کیا اور صرف تین ٹیسٹ میچز میں ہی قومی ٹیم کی نمائندگی کرسکے اور 2009 کے بعد دوبارہ موقع نہیں دیا گیا، ٹیسٹ کرکٹ میں تین میچز کی چھ اننگز میں 56 کے اسٹرائیک ریٹ اور 42 کی اوسط سے 250 رنز بنائے جس میں 168 کی بہترین اننگ بھی شامل ہے۔ فواد عالم نے ایک روزہ کیرئیر میں 74 کے اسٹرائیک ریٹ اور 40 کی اوسط سے 38 میچز میں 966 رنز اسکور کیے ہیں جس میں 6 نصف سینچریز اور ایک سینچری شامل ہے۔

واضح رہے کہ  قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق پر گزشتہ روز ٹوئٹر پر کچھ لڑکیوں کی جانب سے ہراسگی اور دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

تازہ ترین