پشاور(نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے زیر اہتمام ایس ڈی سی کے تعاون سے واٹستھان کے نام سے شروع ہونے والے تین روزہ ہیکاتھان کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی سید ظفر علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی عزیر خان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ واٹستھان کا مقصد ملک بھر سے نوجوان آئی ٹی ماہرین کو اکٹھا کر کے ان کے تیار کردہ سافٹ ویئر سے شہری خدمات کے معیاراور فراہمی میں بہتری لانے کے لئے استفادہ کرنا ہے۔ واٹستھان میں ملک بھر سے آئی ٹی میں مہارت رکھنے والے نوجوان اور پروفیشنلز پر مشتمل 32 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جو کہ پشاور کے پانی اور صفائی کے مسائل کی نشاندہی کر کے ان کا آئی ٹی کے ذریعے حل تجویز کریں گی۔