• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فردوس جمال کی تنقید پر ماہرہ خان کا جواب


سینئر ٹی وی اداکار فردوس جمال نے چند روز قبل اداکارہ ماہرہ خان سے متعلق تنقیدی بیان جاری کیا تھا جس پر ماہرہ خان کی جانب سے جواب دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اداکارہ ماہرہ خان نے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’ہم حال ہیں اور جو ہم کرتے ہیں اور جیسے ہم کرتے ہیں وہ ہمارا مستقبل ہے لیکن میں اُن سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو مجھ سے پوچھے بغیر میری حمایت میں باہر آئے‘۔

ماہرہ خان نے کہا کہ بطور فنکارہ مجھے اپنی انڈسٹری پر فخر ہے اور میں شکر گزار ہوں اُن تمام سینئرز کی جنہوں نے نہ صرف دوسروں کا بلکہ میرے لیے بھی راستہ ہموار کیا۔


انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے خود پر بھی فخر ہے کیوں کہ اپنی زندگی کے اس سفر میں فخر کے ساتھ یہ کہہ سکتی ہوں کہ میں نے وہ کچھ کیا ہے مجھے ٹھیک لگاہے لیکن اس بات سے کبھی پریشان نہیں ہوئی کہ دوسروں کے مطابق میرے لیے کیا ٹھیک ہے۔


فلم رئیس کی اداکارہ کا کہنا ہے کہ یہ دنیا نفرت سے بھرپور ہے لیکن ہمیں محبت کا انتخاب کرنا چاہیے، ہم لوگوں کی رائے کو برداشت کرتے ہیں اور ہماری جنگ اس مخصوص سوچ کے خلاف ہے جو یہ سمجھتے ہیں کامیاب عورت ایک ڈراؤنی سوچ ہے لیکن حقیقتاً ایسا بالکل نہیں ہے بلکہ یہ خوبصورت اور عورت کو با اختیار بنانے کے لیے ہے۔

آخر میں انہوں نے لکھا کہ ایک دوسرے کے پیچھے پڑنا بند کردیں اس طرح ہمارا ملک اور ہماری انڈسٹری کامیابی کی جانب نہیں بڑھے گی۔

واضح رہے کہ سینئر اداکار فردوس جمال نے ماہرہ خان کودو بچوں کی ’ماں‘ کا کردار کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔جس کے بعد انہوں نے اپنے بیان کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میری گفتگو کا مقصد ماہرہ خان پر تنقید کرنا نہیں بلکہ میں نے فنی صلاحیتوں کے تناظر میں بات کی،کوئی بھی میری کی ہوئی بات دل پر نہ لے۔

گزشتہ روز فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس کی جانب سے اپنے والد کے لیے حمایتی ٹوئٹ جاری کیا گیا تھا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ فردوس جمال نے اپنی زندگی کے 45سال خون پسینہ لگا کر اور بغیر کسی سوشل میڈیا کے محنت کر کے اس انڈسٹری میں نام بنایا ہےجبکہ آج کل شہرت حاصل کرنے کے لئے سرجری، برانڈنگ اور مارکیٹنگ درکار ہوتی ہے ۔

تازہ ترین