• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی سمیت سندھ بھر کے مختلف شہروں میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے، مون سون کی پہلی بارش نے شہری نظام درہم برہم کر دیا، کراچی میں گزشتہ روزبارش کے باعث کرنٹ لگنے سے ایک خاتون اور 4 بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔

آج بھی صبح سے شہر میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں سے شہریوں کو کرنٹ لگنے کی غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، اس ضمن میں ماہرین کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پیدل چلنے والوں کیلئےاحتیاطی تدابیر:

بارش میں زیادہ نہ نہائیں، اعتدال سے کام لیں، بجلی کے کھمبوں، ٹوٹے ہوئے تاروں اور بجلی کے آلات سے دور رہیں اور احتیاط برتیں۔

پی ایم ٹیز سے دور رہیں، برقی آلات ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگز نہ کریں۔

دفاتر جانے والے افراد اپنے ساتھ اضافی پیٹرول، پانی، ٹارچ، ماچس اور فرسٹ ایڈ باکس پلاسٹک کے بیگ میں ساتھ رکھیں۔

برساتی نالوں اور نکاسی آب کے راستوں میں ہرگز کوڑا نہ پھینکیں۔

درختوں اور سائن بورڈز کے قریب کھڑے نہ ہوں۔

زیر تعمیر عمارت میں رہائش یا اس کے قریب سے گزرنے سے گریز کریں۔

بارش کے دوران یا بعد میں نالوں یا دریاؤں میں نہانے سے گریز کریں۔

گاڑی چلانے والے افراد کے لیے احتیاط:

چیف ٹریفک پولیس افسر کے مطابق تیز بارش میں گاڑی چلاتے ہوئے رفتار دھیمی رکھیں تاکہ کسی حادثے سے بچا جاسکے۔

خصوصاً پانی میں گاڑی چلاتے ہوئے نہایت دھیما چلیں کیونکہ اگر سڑک پر کوئی گڑھا یا مین ہول کھلا ہوگا تو تیز رفتاری کے باعث آپ بری طرح اس میں پھنس سکتے ہیں۔ دھیمی رفتار کسی حد تک آپ کو بچا سکتی ہے۔

گہرے پانی سے گزرنے کے بعد گاڑی کو تھوڑی دیر کھڑا کر کے 4سے 5 دفعہ بریکیں لگائیں تاکہ بریکس خشک ہوجائیں۔

کھڑے پانی میں اگر گاڑی پھسلنے لگے تو ایکسیلیٹر سے پاؤں ہٹا لیں، ایسے موقع پر اسٹیئرنگ کو مخالف سمت گھمانے سے گریز کریں۔

ریڈیو اور ٹی وی کے ذریعے ہر لمحہ موسم کی صورتحال سے با خبر رہیں۔

تازہ ترین