• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں 'فری کشمیر آرگنائزیشن کے صدر ڈاکٹر محمد صدیق کیانی نے بھارت کی جانب سے وادیِ نیلم میں کلسٹر بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کرتی تھی اب تو وہ لائن آف کنٹرول کے اس پار بھی آزاد کشمیر میں عام آبادی پر کلسٹر بم پھینک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیس اور اکتیس جولائی کی درمیانی شب آزاد کشمیر میں نوشہرہ نیلم ویلی کے مقام پر کلسٹر بموں سے حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 2 معصوم شہری اور ایک چار سالہ بچہ شہید ہوگیا، مزید 11 افراد زخمی بھی ہوگئے۔

فری کشمیر آرگنائزیشن کے صدر نے اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ انسانیت، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ڈاکٹر کیانی نے  مزید کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر جبر کا اقوام متحدہ فوری نوٹس لے۔

انہوں نے حکومت پاکستان پر بھی زور دیا کہ وہ اس مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اقوام متحدہ میں اٹھائے کیونکہ مسئلہ کشمیر کا برا ہِ راست تعلق برصغیر میں قیام امن سے ہے۔

فری کشمیر آرگنائزیشن رواں ماہ چوبیس اگست کو جرمن شہر ڈریسڈن میں منعقد ہونے والی ایک بڑی ریلی میں مظلوم کشمیریوں کی نمائندگی کرے گی تاکہ معصوم کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم کی داستان جرمن اور یورپی عوام تک پہنچائی جائے۔

تازہ ترین