• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ناروے میں پاکستانیوں اور کشمیریوں نےبھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہر کیا جس میں کثیر تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں پاکستانیوں اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے جمعے کے روز بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے کا اہتمام نارویجن کشمیری رہنماء سردار علی شاہنوازخان کی قیادت میں متحرک تنظیم کشمیرسکینڈے نیوین کونسل ناروے نے کیا۔


سکینڈے نیوین کونسل کو اس سلسلے میں دیگر کشمیری اور پاکستانی تنظیموں اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی معاونت بھی حاصل تھی، یہ مظاہرہ جموں و کشمیر کی جداگانہ حیثیت کو ختم کرکے اسے بھارت کا حصہ قرار دینے کے مودی حکومت کے حالیہ اقدام کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر احتجاج کے طور پر کیا گیا۔

مظاہرین نے مختلف نعروں پر مشتمل کتبے اٹھا رکھے تھے، بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنی فوجیں جموں و کشمیر سے واپس بلائے اور کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق، فیصلے کرنے کا حق دیا جائے۔

مقررین جن میں بزرگ کشمیری رہنماء سردار شاہنواز خان اور نارویجن پاکستانی سیاسی و سماجی شخصیت مرزا محمد ذوالفقار بھی شامل تھے، کہاکہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے، یہ ہرگز بھارت کا حصہ نہیں اور بھارت نے اس علاقے پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے۔

اس موقع پر ایک احتجاجی یاداشت بھی بھارتی سفارتخانےکے حوالے کی گئی جس میں حالیہ بھارتی اقدام کی مذمت کی گئی اور بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ فوری طور پر جموں و کشمیر سے اپنی فوجیں واپس بلائے۔

مظاہرین نے عالمی برادری اور خاص طور پر بڑی طاقتوں امریکہ اور یورپ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں ان کی مدد کریں اور بھارت پر زور دیں کہ وہ اپنی فوجیں مقبوضہ کشمیر سے واپس بلا کر کشمیریوں پر مظالم بند کرے۔

ناروے میں مقیم اہم کشمیری رہنماء چوہدری مختار احمد نے کہاکہ اس مظاہرے کے دوران کشمیریوں اور پاکستانیوں میں بہت اتحاد و اتفاق دیکھنے میں آیا اور بھارت سفارتخانے کے سامنے اتنی بڑی تعداد میں جمع ہونے کا مقصد یہ تھا کہ بھارت کو یہ پیغام جائے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ اکیلے نہیں بلکہ پاکستان کے عوام اور پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری اور پاکستانی اور انسانی ہمدردی رکھنے والی اقوام عالم ان کے ساتھ ہیں۔

مظاہرے کے منتظم سردار علی شاہنوازخان نے بتایاکہ یہ ایک کامیاب مظاہرہ تھا جس میں سیکڑوں لوگوں نے بھارتی سفارتخانے کے سامنے جمع ہوکر اپنا احتجاج ریکارٹ کروایا۔

انہوں نے کہاکہ وہ اس مظاہرے میں شرکت کرنے والے تمام افراد کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارت کے حالیہ فیصلے کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔

کشمیرسکینڈی نیوین کونسل کے سربراہ نے اعادہ کیا کہ بھارتی اقدام کے خلاف وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اٹھاتے رہیں۔

تازہ ترین