• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسین نظر آنا کس عورت کو اچھا نہیں لگتا۔خاص طور پر چہرے کی بےداغ جِلد،نکھری نکھری رنگت تو ہر عورت کی اولین خواہش ہے اور اگر یہ خواہش منہگے منہگے پارلرز کے بجائے گھر کے باورچی خانے ہی سے پوری ہوجائے تو اور بھلا کیا چاہیے۔ تو لیجیے ،آپ کے حسین چہرے کے نکھار و سنوار کے لیے کچھ آزمودہ ٹوٹکے حاضر ہیں۔ بس اس بات کا دھیان رہے کہ جو بھی نسخہ آزمانے کا ارادہ کریں، پھر اسے باقاعدگی سے استعمال کریں۔

٭بیسن میں تھوڑ اسا کچّا دودھ اور لیموں کا رَس شامل کرکے گھول لیں۔ اور پھر ابٹن کے اندازمیںچہرے پرمَل کر دھولیں۔ہفتوں کے استعمال سے رنگت نکھری نکھری نظر آئے گی۔

٭آلو کا سلائس چہرے پر رگڑنا بھی فائدہ مند ہے کہ ایک تو اس سےبلیک ہیڈز ختم ہوتے ہیں۔دوم،اگر دا غ دھبّے ہوں، تو وہ بھی بتدریج صاف ہوجاتے ہیں۔

٭جَو کا دلیہ ایک چمچ، دہی دو چمچ اور ایک چمچ ٹماٹر کا رَس مکس کرکے پیسٹ بنالیں۔اس آمیزے کو چہرے پر خشک ہونے تک لگا رہنے دیں۔بعد ازاں چہرہ دھولیں۔

٭ٹماٹرکے ایک حصّے کو کچل کر اس میں پانچ چھے قطرے لیموں کا رَس ملا کے چہرے پر لگائیں اور قریباً 20منٹ بعد دھولیں۔ یہ ماسک چکنی جلدوالوں کے لیے بہترین ہے۔

٭چند بادام کسی مٹّی کے کھردرے برتن پر رگڑکے، ان میں تھوڑی سی بالائی مکس کرکے چہرے پر ماسک کی طرح لگائیں اور ایک گھنٹے بعد کسی اچھے صابن سے منہ دھولیں۔ مسلسل استعمال سے رنگت ہی صاف نہیں ہوگی، جھائیاں بھی دُور ہو جائیں گی۔

٭رات سونے سے قبل زیتون کے خالص تیل میں چند قطرے لیموں کا رَس مکس کرکے چہرے کا مساج کیاجائے، تو یہ نسخہ بھی رنگت کے نکھارمیں مفید ثابت ہوتا ہے۔

٭ایک پیالی میں انڈے کی سفیدی ایک چمچ، لیموں کا رس ایک چمچ اور روغنِ بادام چند قطرے مکس کرلیں اور برش کی مدد سے چہرے پر لگائیں۔ خشک ہونے پر نیم گرم پانی سے دھولیں۔

٭پِسی ہوئی ماش کی دال میں تھوڑا سا روغنِ بادام، روغنِ زیتون اور پانی مکس کرکے چہرے پر لگائیں تو اس سے بھی چہرہ نکھر جاتا ہے۔

٭بادام چھے عدد، ہلدی ایک چٹکی اور چاول دو کھانے کے چمچ پِیس لیں۔ پھر اس میں تھوڑا سا دودھ شامل کرکے آمیزہ سا بناکر چہرے پر لگائیں۔ چند ہی دِنوں میں نمایاں فرق محسوس ہوگا۔

(روبینہ ناز، کراچی)

تازہ ترین