• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے‘ سردار تنویر الیاس

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈو ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان نے یوم سیاہ کے موقع پر اسلام آباد کی مرکزی ریلی میں شرکت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہم سب کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑی ہے۔ پاکستان کی طرف سے حق خودارادیت کے حصول تک جموں و کشمیر کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رہے گی۔ پاکستانی قوم نے یوم آزادی کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا اور بھارت کے یوم آزادی کو نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر بلکہ اس دفعہ پورے پاکستان میں بھی یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ بھارت مسلسل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر کئے گئے مظالم عالمی برادری کے سامنے کھل کر آ چکے ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمان مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور مظالم کیخلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو طاقت سے نہیں دبا سکتا۔ مودی کے فیصلے نے سب کشمیریوں کو یکجا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہترین خارجہ پالیسی کی وجہ سے اقوام متحدہ نے کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا ہے جو حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ہماری فوج کشمیریوں کیلئے اپنی قومی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان، انکی کابینہ نے مظفر آباد میں جا کر کشمیریوں کے ساتھ جس یکجہتی کا اظہار کیا ہے اپنی مثال آپ ہے۔ اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سارے پنجاب میں کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے منعقدہ تقاریب میں شرکت کر کے ایک متحرک وزیراعلیٰ کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے کشمیریوں کے بارے پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی کی۔ سردار تنویر الیاس خان نے یوم سیاہ کے موقع پر کشمیر اور پاکستان بھر میں مظاہروں، ریلیوں اور منعقدہ تقریبات کے جوش و خروش کو قومی امنگوں کی ترجمانی سے تعبیرکیا۔
تازہ ترین