• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جبرالٹر عدالت کا ایرانی تیل بردار جہاز کو چھوڑنےکا فیصلہ

جبرالٹر کی عدالت کی جانب سے ایرانی تیل بردارجہاز گریس ون کو چھوڑنےکا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم امریکا نے کہا ہے کہ ایرانی تیل بردار جہاز کے عملے کے ویزے منسوخ کردیں گے۔


امریکی محکمہ خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جبرالٹر کے عدالتی فیصلےکے باوجود ایرانی تیل درآمدات سےمتعلق تمام امریکی پابندیاں لاگو کرینگے اور ایرانی تیل بردارجہاز گریس ون کے عملے کے ویزے منسوخ کردیں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی تیل بردارجہا زپاسداران انقلاب کی ہدایات پر عمل کررہاتھا۔ امریکی کوششوں کے باوجود جبرالٹر کی اعلی عدلیہ نے ایرانی تیل بردار جہاز کو چھوڑنے کا حکم دے دیاہے، جبرالٹر کی عدالت کا کہنا ہے کہ ایرانی تیل بردار جہاز گریس ون کو مزید قبضے میں رکھنے کا جواز نہیں بنتا۔

جبرالٹر حکومت کا کہنا ہے کہ انھیں ایران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تیل بردار جہاز یورپی پابندیوں کے شکار ملکوں کی جانب نہیں بھیجا جائے گا۔

امریکا نے آخری لمحات میں بھی جہاز کو قبضے میں رکھنے کے لیے قانونی طور پر مطالبہ کیا، جسے جبرالٹر عدالت نے مسترد کردیا، لیکن امریکا، جبرالٹر کے پانیوں کو چھوڑنے سے قبل ایرانی تیل بردار جہاز کے قبضے کے لیے ایک اور درخواست دائر کرسکتا ہے۔

4 جولائی کو جبرالٹر پولیس اور برطانوی اسپیشل فورسز نے 21 لاکھ بیرل ایرانی تیل لے جانے والے جہاز گریس ون کو قبضے میں لے لیا تھا۔

تازہ ترین