• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر میں سبزہ 59؍ فیصد تک کم ہوگیا، عالمی حدت وجہ قرار

کراچی (نیوز ڈیسک) ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دنیا بھر میں 1999ء کے بعد سبزے کی مقدار میں 59؍ فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور اس کی وجہ عالمی حدت کو قرار دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ماہرین نے دنیا کے مختلف حصوں میں سبزے اور ماحولیات پر ریسرچ کی اور یہ نتائج اخذ کیے کہ دنیا میں سبزے کی مقدار کم ہونے کی وجہ کیا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ ماحول میں پانی کے بخارات کی کمی کی وجہ سے پودے فوٹو سینتھیسز کا عمل سست روی کا شکار ہوگیا ہے۔ فوٹو سینتھیس کا عمل پودوں میں ہوتا ہے جس کی مددسے وہ سورج ی روشنی سے توانائی حاصل کرتے ہیں، اس عمل کے دوران وہ ماحول سے پانی اورکاربن ڈائی آکسائیڈ گیس حاصل کرتے ہیں۔ محققین نے تحقیق کے دوران یہ معلوم کرنے کی کوشش بھی کی کہ مستقبل میں ماحول سے پانی کے بخارات مزید کم ہوئے تو کیا ہو سکتا ہے۔ چین کی سُن یات سین یونیورسٹی کے محققین کا کہنا تھا کہ سبزے کی مقدار میں کمی کی وجہ ماحول میں بخارات کا انحطاط ہے۔ 1990ء کی دہائی میں یہ انحطاط بڑھتا رہا اور اب یہ اس حد تک جا چکا ہے کہ سبزے کو متاثر کر رہا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق، بخارات کی کمی کی وجہ سے پودوں کے پتوں میں وہ باریک سوراخ بند ہو جاتے ہیں جو ماحول سے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب اور پانی خارج کرتے ہیں، نتیجتاً فوٹو سینتھیسز کا عمل سست ہو جاتا ہےاور پودے مرنے لگتے ہیں۔
تازہ ترین