• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرانفروش بے لگام، شہری مہنگے داموں پھل، سبزیاں خریدنے پر مجبور

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)ضلعی انتظامیہ اور سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی فوج گراں فروشی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی۔عید اور عید کے بعد بھی شہری مہنگے داموں پھل سبزی خریدنے پر مجبور ہیں۔لیکن دکانداروں کوکوئی پوچھنےوالا نہیں ہے۔اسسٹنٹ کمشنرز،رجسٹرارز اور محکمہ مال کے حکام سمیت راولپنڈی ضلع میں سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی تعداد 36کے لگ بھگ ہےلیکن ان میں سے پانچ دس مجسٹریٹس ہی بازاروں کا رخ کرکے کبھی کبھار چیکنگ کرکے جرمانے یا ایف آئی آرز درج کراتے ہیں۔بڑی تعداد بازاروں کا رخ نہیں کرتی لیکن ان کےخلاف ڈپٹی کمشنر ،کمشنر یا پنجاب حکومت کوئی کارروائی نہیں کرتی۔جس کے نتیجہ میں شہریوں کو گراں فروش دونوں ہاتھوں سے لوٹتے رہتےہیں۔جمعہ کو پیاز کی قیمت بھی سو روپے کلو تک جاپہنچی ۔ادرک سو روپے پائو،لہسن 80روپے پائو جبکہ شملہ مرچ دو سو روپےکلو میں فروحت ہوئی۔ مارکیٹ کمیٹی جو کاغذی کارروائی کے طور پر پھلوں اور سبزیوں کے نرخ روزانہ جاری کرکے فی دکاندار دس روپے وصول کررہی ہےاس کو خود علم نہیں ہوتا کہ منڈی میں کیا نرخ چل رہے ہیں۔ جمعہ کو منڈی میں پیاز 80روپے کلوتک تھاجبکہ اوپن مارکیٹ میں سو روپے کلو بیچا گیالیکن مارکیٹ کمیٹی نے اس کا سرکاری نرخ 60سے63 روپے کلو جاری کیا تھا۔ادرک مارکیٹ میں چار سو روپے کلو جبکہ سرکار ی نرخ 300/305روپے تھے۔ لہسن چائنہ 228/232 روپے کی بجائے 320روپے کلو،آلو نیا26/28روپے کلو کی جگہ50 روپے کلو ،20/22روپے کلو والا کریلا مارکیٹ میں80 روپےکلو،26/30روپےکلو والا بینگن80روپے کلو،128/132روپےکلو والے مٹر دو سو روپےکلو، 74/76روپےکلو والی سبز مرچ120روپے کلو میں فروحت ہوئی۔واحد ٹماٹر تھے جو عید کے بعد سستے ہوئے۔عید پر ڈیڑھ سو سے درو سو روپے کلو تک بکنے والے ٹماٹر اوپن مارکیٹ میں 50/60روپے میں مل رہے تھے حالانکہ ان کا جمعہ کو سرکار ی ریٹ 62/65روپےکلو تھا۔یہ ہی حال پھلوں کا تھا ۔آم چونسہ 150روپے کلو،کیلا 80/100روپے درجن،سیب گاجا150روپےکلو، خوبانی200 ،آڑو150روپےکلو تک فروحت ہوتےرہے۔زندہ پولٹری برائلر عید پر دو سو روپےکلو تھا جو جمعہ کو205روپے کلو میں بیچا گیا۔
تازہ ترین