• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نےاپنےہی آئین کی خلاف ورزی کی،پاکستانی عوام کشمیریوں کےساتھ ہیں،جاویداکرم

گلاسگو (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی پارلیمانی سیکرٹری بریگیڈئر ریٹائرڈ جاوید اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور ہمارے مذہب اسلام کا مطلب ہی سلامتی ہے لیکن اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی کوشش کی تو اس کی نسلیں اس کا خمیازہ بھگتی گی۔ گلاسگو میں پی ٹی آئی ویسٹ آف اسکاٹ لینڈ کے صدر میاں علی احمد صوفی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ایک عصرانے سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر جاوید اکرم نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اس کے دریا کشمیر سے نکلتے ہیں۔ تقسیم ہند کے فارمولے کے مطابق یہ ایک مسلم اکثریت والی ہمسایہ ریاست تھی، جس کا قدرتی الحاق پاکستان سے بنتا تھا لیکن بھارت نے زبردستی اس پر قبضہ کرلیا۔ 70سال سے بھارت حکومت کے بے پناہ مظالم کے باوجود وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کرسکا، 7لاکھ افواج نے وہاں ظلم و ستم کا کوئی حربہ نہیں چھوڑا، اس نے آرٹیکل370کا خاتمہ کرکے خود اپنے ہی آئین اور قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس سے بھارت اور پاکستان جو دونوں ایٹمی قوتیں ہیں، ان کے درمیان جنگ کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ یہ مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا کے سامنے اجاگر ہوا ہے۔ ایمنسٹی انٹر نیشنل بھی اب بھارتی مظالم کا نوٹس لے رہی ہے۔ بریگیڈئر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور انشاء اللہ تاقیامت قائم رہے گا۔ ہم باطل سے دبنے والی قوم نہیں، اس وقت عمران خان کی قیادت میں عوام، حکومت اور فوج ایک صفے پر ہیں اور کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہیں۔ ہم بھارت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی قسم کی جارحیت سے باز رہے۔ تحریک انصاف ویسٹ آف اسکاٹ لینڈ کے صدر میاں علی احمد صوفی نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان کے خلاف غیر اعلانیہ جنگ شروع کر رکھی ہے اور وہ بلوچستان، فاٹا اور کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیاں کراتا رہا ہے۔ ممتاز سماجی شخصیت چوہدری حنیف نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دو ہفتوں سے ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے اور کرفیو کے باعث عوام کی زندگیاں اجیرن کردی ہیں۔ اقوام متححدہ اس پر سخت نوٹس لے۔ خالد جاوید نے کہا کہا گر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ ہوئی تو کروڑوں انسانوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جائیں گی۔ طاہر انعام شیخ نے کہا کہ انصاف پسند ممالک کو انڈیا کو مجبور کرنا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔
تازہ ترین