• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے مختلف اداروں کے افسران کی کمیونٹی شخصیات سے ملاقات

برسلز ( حافظ اُنیب راشد ) پاکستان کے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے سرکاری افسران نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اگر پاکستان میں قیام کے دوران کوئی مسئلہ درپیش آئے تو انہیں متعلقہ جج یا افسر سے خود ملاقات کرکے اسے اپنے مسئلے سے آگاہ کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ کے ایڈیشنل جج شاہد غزنوی، گجرات میں تعینات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عابد غوری اور تعیناتی کے منتظر سابق اے سی گجرات اور مصنف عمران بشیر وڑائچ نے مقامی کونسلر ناصر چوہدری کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستان کا اثاثہ اور حقیقی سفیر ہیں۔ پاکستان کے تمام اداروں کے سربراہان ان کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ اگر انہیں پاکستان میں کوئی مسئلہ بھی درپیش ہو تو وہ خود متعلقہ ادارے کے افسر تک پہنچیں اور اسے حقیقت حال سے آگاہ کریں۔ اگر ان کا کیس قانون کے دائرے میں ہوگا تو یہ ملاقات اس مسئلے کو جلد حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ اس موقع پر میزبان کونسلر ناصر چوہدری نے کہا کہ ملاقات کا مقصد اس روایت کو توڑنا ہے جس میں پاکستان سے آنے والے مہمانوں کو صرف اپنی ذات تک محدود رکھنا ہوتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اس حوالے سے ایک نئے گروپ " فرینڈز آف برسلز" کے قیام کا خاکہ بھی پیش کیا۔ تاکہ ایسی ملاقاتوں کا اہتمام جاری رکھا جا سکے۔ عشایے کے اہم شرکاءمیں سے، شیخ شکیل، علی چوہدری، شکیل گوہر، حاجی شاہد فاروقی، اظہر محمود، ایم ندیم بٹ، محمد اقبال، ظہیر احمد، مرزا عمران بیگ، رشید احمد اور دیگر نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ناصر چوہدری کو ان کے اس نئے خیال پر مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
تازہ ترین