• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر :کرفیو کا سولہواں دن، سری نگر میں 30 گرفتار


مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض حکومت کی جانب سے کرفیو کے نفاذ کو 16 روز ہو گئے ہیں، دکانیں اور مارکیٹیں بند ہیں، ٹریفک نہ ہونے سے سڑکیں سنسان ہیں۔

دوسری جانب قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، جس نے رات گئے سری نگر میں مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران مزید 30 افراد کو گرفتار کر لیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی فورسز کی گرفتاریوں کا مقصد بھارت مخالف ہر طرح کے ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنا ہے۔

یہ نئی گرفتاریاں ان علاقوں میں کی گئیں جہاں بھارتی فورسز کو کرفیو اور دیگر پابندیوں کے باوجود شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

خبر ایجنسی کے مطابق قابض بھارتی حکومت نے کشمیر بھر میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر رکھی ہے۔

مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی حکام کی پابندیاں جاری ہیں، انٹرنیٹ اور ٹی وی کی نشریات بند ہیں، سخت ترین کرفیو کے باوجود سری نگر سمیت مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارت مخالف احتجاج جاری ہے۔

بھارت مخالف احتجاج روکنے کے لیے قابض بھارتی فوج نے مظاہرین پر پیلٹ گنوں سے چھرے فائر کیے اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس کے نتیجے میں متعدد کشمیری زخمی ہو گئے۔

وادی کے مخصوص علاقوں میں اسکول کھلنے کے باوجود خالی رہے، وادی کی موجودہ صورتِ حال کی وجہ سے والدین نے اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے انکار کر دیا۔

حریت اور سیاسی رہنما بھی گھروں یا جیلوں میں بدستور بند ہیں، کرفیو اور دیگر پابندیوں کے باعث وادی میں دواؤں اور کھانے پینے کی اشیاء کی قلت ہے۔

تازہ ترین