• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں پلاسٹک کے بیگز کے استعمال پر پابندی کے بعد جرمن سفارت خانے کے عملے نے شہریوں میں ’کپڑے کے بیگز‘ تقسیم کیے۔

رواں سال 14 اگست کو اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی تھی، وفاقی حکومت کی جانب سے یہ پابندی ماحولیاتی آلودگی اور جنگلی و سمندری حیات کو نقصان سے بچانے کے باعث لگائی گئی تھی۔

موسمیاتی تبدیلیوں اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے لگائی جانے والی اس پابندی کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے کے عملے نے پلاسٹک کے تھیلےکے متبادل کے طور پر شہریوں میں کپڑوں کے تھیلے تقسیم کیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جرمن سفارت خانے کے آفیشل اکائونٹ پر کچھ تصاویر شیئر کی گئی تھیں جن میں سفارت خانے کا عملہ شہریوں میں کپڑے کے بیگز تقسیم کرتا نظر آرہا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری کی گئیں مختلف تصاویر بازاروں، اسکولوں اور پارکنگ کی ہیں جہاں شہری جرمن سفارت خانے کے عملے سے کپڑے کے بنے بیگز لیتے دکھائی دے رہے ہیں۔

جرمن سفارت خانے کے آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ پر تصاویر کے ساتھ ایک پیغام بھی موجود ہے جس میں لکھا ہے کہ ماحول کی بہتری کے لیے پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنے کے لیے لوگوں میں شعور اُجاگر کرنا بے حد ضروری ہے جبکہ کپڑے کے بیگ کا بار بار استعمال اس کا واحد حل ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے حال ہی میں ’کلین اینڈ گرین پاکستان‘ مہم کے تحت پلاسٹک بیگز، پلاسٹک کے ریپرز اور پلاسٹک کی بوتلوں کو اشیائے خوردونوش لے جانے پر پابندی عائد کردی تھی۔

تازہ ترین