• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری نگر کے علاقے صورہ میں بھارتی فورسز کو شدید مزاحمت

سری نگر کے علاقے صورہ میں بھارتی فوج کا داخلہ ناممکن ہو گیا


مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کا علاقہ صورہ قابض بھارتی فورسز کے لیے ڈراؤنا خواب بن گیا، جہاں قابض بھارتی فورسز کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

صورہ سے بھارتی فورسز کو دور رکھنے کے لیے لوگوں کا دن رات سڑکوں پر گشت جاری ہے، بھارتی فورسز نے 3 مرتبہ اس علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن لوگوں نے بھارتی فورسز کی یہ کوشش ناکام بنا دی۔

سری نگر کے علاقے صورہ میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے بھارتی فورسز داخل نہیں ہو پائی ہیں اور انہیں علاقے کے لوگوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

علاقہ مکینوں نے بھارتی فورسز کو روکنے کے لیے داخلی راستے میں رکاوٹیں بھی لگا رکھی ہیں، صورہ میں ہر روز بھارت مخالف مظاہرے ہو رہے ہیں اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

علاقے کی مسجد مظاہرین کا اہم گڑھ بنی ہوئی ہے، مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے آزادی کے حق میں صدائیں اور ’گو انڈیا گو‘ کے نعرے بلند ہو رہے ہیں۔

9 اگست کو ہونے والا بھارت مخالف بڑا احتجاج بھی صورہ میں ہی کیا گیا تھا، صورہ کے لوگوں نے علاقے کو کشمیر کا غزہ قرار دیا ہے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج صرف ہماری لاشوں سے گزر کر ہی صورہ میں داخل ہو سکتی ہے، اپنی زمین کا ایک انچ بھی بھارت کو نہیں دیں گے۔

شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئی دہلی کے کشمیر کی زمین پر قبضے کے مذموم منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مظاہرین ہیلمٹ اور گلاسز پہن کر، نمک والے پانی کو چہرے پر لگا کر بھارتی فورسز کی آنسو گیس کی شیلنگ سے بچنے کی حکمتِ عملی اپنائے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین