• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میاں امجد اور ہارون کھٹانہ کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل)پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کے رہنما میاں امجد علی نے پارٹی چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کردیا ،ان کے ساتھ مانچسٹر سے چوہدری ہارون کھٹانہ نے بھی پارٹی چھوڑ دی ہے،اس موقع پر میاں امجد علی نے کہا کہ ہم پاکستان کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان قائد اعظم محمد علی جناح کے نقشے قدم پر چل رہے ہیں اور ملک کوصحیح سمت کی طرف لے کر جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پی ٹی ائی کی حکومت ملک میں کرپشن ،بے روز گاری کو ختم کرنے کا عزم رکھتی ہے،اس وجہ سے ہی ملک کی تعمیر ترقی ہوگی،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے بہیمانہ مظالم پر پوری دنیا میں کشمیر ی سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسای حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہئے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو نافذ کررکھا ہے، نماز جمعہ تک پر پابندی ہے، ہزاروں افراد کو گھروں سے گرفتار کیا جاچکا ہے،ذرائع ابلاغ، انٹرنیٹ، ٹیلی فون اور ٹرانسپورٹ بند ہے، لوگوں کو خوراک اور دوائیاں تک نہیں مل رہیں، نسل کشی پر نظر رکھنے والی تنظیم جینوسائیڈ واچ کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کی طرف جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی ہٹلر بن چکا ہے اس سے پہلے کہ تاریخ انسانی کا بدترین المیہ جنم لے، عالمی برادری فوراً اپنا کردار ادا کرے۔
تازہ ترین