• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر اپنی آزادی کی جنگ کے آخری مرحلے میں ہے، فواد چوہدری

کشمیر اپنی آزادی کی جنگ کے آخری مرحلے میں ہے، فواد چوہدری


وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کشمیر اپنی آزادی کی جنگ کے آخری مرحلے میں ہے، انشااللہ جلد کامیابی ملے گی۔

ایکسپو سینٹر لاہور میں انڈسٹریل نمائش 2019ء کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آسام کا معاملہ دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ مودی پر پاگل پن کا دورہ پڑا ہے، وہ بھی ہٹلر کی طرح کسی کی بات نہیں سن رہا ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان دور میں دو غیر معمولی سفارتی کامیابیاں ملی ہیں، مظلوم کشمیری بھائیوں کیلئے ہماری آواز بڑھتی جا رہی ہے ، جبکہ خود بھارتی رہنما مودی کے اقدامات کو غلط قرار دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آسام میں شہریوں کی رجسٹریشن سے سابق بھارتی صدر کا خاندان بھی متاثر ہوا ہے۔

ایک سوال کے جواب پر فواد چوہدری نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں جماعتوں کی جنگ اپنے اپنے ابو بچانے کی ہے ۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن والے دراصل لوٹی دولت واپس نہیں کرنا چاہتے ، ان لوگوں نے کبھی عوامی مسائل پر بات نہیں کی۔

اس سے قبل انڈسٹریل نمائش 2019ء کی تقریب سے خطاب میں  پاک چین دوستی کا ذکر کرتے ہوئےوفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر صرف چین ہی پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی کےمظالم کے خلاف بھی صرف چین نے ہی آواز بلند کی ہے۔

تازہ ترین