• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور کی نیب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی ہے، عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق پر فرد جرم عائد کردی ہے۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نےکیس کی سماعت کی، نیب نے سخت سکیورٹی میں خواجہ برادرز کو عدالت پیش کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق نیب عدالت میں پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کے دوران خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے جبکہ خواجہ برادران نے صحت جرم سے انکار کیا ہے ۔

خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نےنیب کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا  ہے جس کے بعد عدالت نے سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے گواہوں کوشہادتوں کے لئےطلب کرلیا ہے۔

عدالت نے خواجہ برادران کو ریفرنس کی صاف نقول فراہم کیں جس پر خواجہ برادرزکے وکیل نےفرد جرم عائد کرنے کی مخالفت کی اور دستاویزات کا جائزہ لینے کے لئے سات دن کی مہلت مانگی ہے۔

خواجہ برادرز کے وکیل نے عدالت سے مکالمے کے دوران کہا کہ  عدالت نے یہ دیکھنا ہے کہ کیا فرد جرم عائد کرنے کا کیس بنتا بھی ہے یا نہیں، اللّٰہ نے شیطان کو بھی صفائی کا موقع دیا ہے، آئین کے تحت کسی کو اپنی صفائی کا مکمل موقع دیے بغیر سزا نہیں دی جاسکتی۔

جس پر عدالت نے کہا کہ کیا میں کوئی سزا دے رہا ہوں ابھی تو فرد جرم عائد ہونی ہے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کہ میرا اور میرے خاندان کاجرم جمہوریت کے لئے جدوجہدہے، ٹرائل میں بے گناہی ثابت کریں گے۔

واضح رہے کہ خواجہ برادران کوآمدن سے زائد اثاثوں اورپیرا گون سٹی میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کا الزامات کاسامنا ہے۔

تازہ ترین