• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’سوتیلی والدہ بغیر بتائے بابا کی میت لے گئیں‘، راحمہ علی

راحم علی کا سوتیلی والدہ پر الزام


گزشتہ روز انتقال کر جانے والے لیجنڈ اداکار عابد علی کی بیٹی راحمہ علی نے اپنی سوتیلی والدہ پر بغیر بتائے والد کی میت اپنے گھر لے جانے کا الزام لگا دیا۔

عابد علی گذشتہ دو ماہ سے یرقان میں مبتلا تھے اور یرقان بگڑنے کے باعث وہ کراچی کے نجی اسپتال میں گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔

گزشتہ رات معروف اداکار عابد علی کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے، جس کے بعد اُن کی بیٹی راحمہ علی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا۔

راحمہ علی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ’میں آپ سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ میرے والد کی دوسری اہلیہ رابعہ نورین ہمیں بغیر بتائے اسپتال سے میرے بابا کی میت لے کر چلی گئی ہیں۔‘


اُنہوں نے کہا کہ ’میں، میری ماں، میری بہنیں اور میرے پھوپھا پھوپھی سب اسپتال میں بے بس ہوکر بیٹھے ہیں اور رابعہ نورین نے میری پھوپھی سے کہا کہ یہ عورتیں یعنی عابد علی کی بیٹیاں رابعہ میڈم کے گھر نہیں جا سکتی ہیں۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ ’میرے والد کا نمازِ جنازہ کب ہوگا اور اُن کی تدفین کہاں کی جائے گی، کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ اِس مُشکل گھڑی میں ہم کیا کریں؟‘

اس سے قبل عابد علی کے انتقال کی جھوٹی خبریں گردش کر رہی تھیں جس کی تردید راحمہ علی نے سوشل میڈیا پر کی تھی اور والد کی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ جب تک والد زندہ رہ سکتے ہیں ، انہیں رہنے دیں‘۔

بعد ازاں رابعہ نورین نے بھی عابد علی کے انتقال کی جھوٹی خبروں کی تردید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا تھا کہ ’عابد علی گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار ہیں اور آپ سب سے گزراش ہے کہ اُن کی صحتیابی کے لیے دُعا کیجیئے۔‘


واضح رہے کہ عابد علی کی پہلی اہلیہ اداکارہ ہمیرا علی ہیں جن سے اُن کی تین بیٹیاں ہیں، راحمہ علی، آمنہ علی اور مریم علی جبکہ اُن کی دوسری اہلیہ اداکارہ رابعہ نورین ہیں۔

تازہ ترین