• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا صاحب کو قربانی کا بکرا بنانے کی سازش ہو رہی ہے: فردوس عاشق

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کاٹوئٹر پر بیان


وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مولانا صاحب! موروثی سیاست اور مال بچاؤ پارٹیاں آپ کو قربانی کا بکرا بنانے کی سازش کر رہی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن صاحب! بلاول کے بیان کا مطلب ہے ’’جاگدے رہنا، ساڈے تے نہ رہنا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب چاہتے ہیں کہ دھرنا مولانا صاحب اور ان کے مدارس کے بچے دیں اور وہ بلٹ پروف گاڑی سے اتر کر کرسی پر بیٹھ جائیں۔

وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ پہلے دن کہا تھا کہ اپوزیشن ’’آپس میں سیاست کر رہی ہے‘‘، پہلے بھی کہا تھا کہ ’’اپوزیشن کو خود اپوزیشن سے خطرہ ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب! موروثی سیاست اور مال بچاؤ پارٹیاں آپ کو قربانی کا بکرا بنانے کی سازش کر رہی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول صاحب ملک کا دورہ کرنے کے بجائے کراچی کا دورہ کر کے وہاں پھیلے کچرے کی صفائی پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ وسائل سندھ کے غریب عوام تک نہیں پہنچ رہے، جب تک موجودہ پیپلز پارٹی سندھ میں مسلط ہے، سندھ اور اس کے عوام کا بھلا ہونا ممکن نہیں۔

وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ بلاول صاحب! وزیرِ اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر کے طور پر دنیا بھر میں مظلوموں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم جمعے کے روز کشمیریوں کے حق کی آواز بلند اور بھارتی ظلم و جبر کو بے نقاب کریں گے، یہ وقت قوم کو تقسیم نہیں یکجا کرنے کا ہے۔

تازہ ترین