• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں مقابلوں کے دوران 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق فیروز آباد تھانے کی حدود خالد بن ولید روڈ پر باغِ بہار شادی ہال کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ 

گرفتار ملزم کی شناخت عبدالعزیز ولد نور حسین کے نام سے ہوئی، پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول، گولیاں اور موبائل فون برآمد کرلیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔

دوسری جانب ایف بی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود بلاک 21 میں لیاری ایکسپریس وے کے قریب پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔

 فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کی شناخت عظمت اللّٰہ ولد محمد گل کے نام سے ہوئی۔ 

کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا صدیق آباد اور نیو کراچی سیکٹر فائیو ای میں بھی پولیس مقابلوں کے دوران 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد ہوئے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں ایک ہفتے قبل ڈاکو کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا شہری دورانِ علاج جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر فائیو اے فور میں 12 اور 13 ستمبر کی درمیانی شب نور احمد نے مددگار 15 پر اسلحے کے زور پر موبائل فون چھیننے کی اطلاع دی تھی۔ 

مددگار پولیس موقع پر پہنچی اور موبائل فون کی لوکیشن کے ذریعے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا۔

پولیس کے مطابق ایک گلی میں چھاپے کے دوران 2 ڈاکو فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ شہری نور احمد نے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا۔ اسی دوران ڈاکو کی فائرنگ سے نور احمد پیٹ پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، جبکہ ڈاکو یوسف بھی اپنی ہی گولی ٹانگ پر لگنے سے زخمی ہوگیا، پولیس نے یوسف کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس نے زخمی گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ پولیس حراست میں زیرِ علاج ہے جبکہ شدید زخمی شہری نور احمد ہفتے کو دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

پولیس کے مطابق رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید