پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت عارف علوی کے خطاب کے دوران اپوزیشن ارکان نے احتجاج اور شور شرابہ کیا، اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپوزیشن اراکین کو مشورہ بھی دے دیا۔
صدر مملکت نے جیسے ہی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تقریر کا آغاز کیا اپوزیشن اراکین بنچز پر کھڑے ہوگئے اور شور شرابہ شروع کر دیا۔
اپوزشن اراکین اسپیکر کے ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے، انہوں نے مسلسل شور شرابہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
صدر عارف علوی کی تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین نے نعرے بازی بھی کی، حزبِ اختلاف کے اراکین کے ہاتھوں میں پوسٹرز اور اسیر رہنماؤں کی تصاویر بھی تھیں۔
صدر کا خطاب سننے آئے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے گرد پی ٹی آئی اراکین نے حصار بنا لیا۔
اپوزیشن کے شور اور نعروں کے باعث وزیرِ اعظم عمران خان نے صدر مملکت کا خطاب سننے کے لیے ہیڈ فون کا استعمال کیا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خطاب کے دوران اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ شور بھی مچاتے جائیں لیکن بات بھی سنتے جائیں تو اچھا ہوگا۔