• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کشمیر پر جلد سماعت کریگی، بریڈ شرمین

امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین کی جیو سے گفتگو


امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین کا کہنا ہے کہ امریکا کی امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرجلد سماعت کرے گی۔

کیلی فورنیامیں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر آصف محمود کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک تقریب میں ذیلی کمیٹی کے چیئرمین رکن کانگریس بریڈشرمین بھی شریک ہوئے جہاں انہوں نے کشمیری رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر بریڈ شرمین نے جیو نیوز سے خصوصی طور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا اپنےعزیزوں سے رابطہ نہیں ہے، وہاں مریضوں کا علاج ممکن نہیں ہے تاہم ہمیں امید ہے کہ بھارت خوراک، ادویات کی فراہمی اور کمیونی کیشن بحال کرے گا۔

بریڈشرمین نے کہا کہ کشمیریوں نے بتایا ہے کہ وہاں اپوزیشن تک کو پابندیوں کا سامنا ہے۔

ذیلی کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی مقبوضہ کشمیر پر سماعت یواین جنرل اسمبلی اجلاس کے بعد ہوگی جس میں اعلیٰ حکام کی شرکت سے متعلق محکمہ خارجہ کے جواب کا انتظار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہیے، امریکا دنیا بھر میں انسانی حقوق کے مسائل پر توجہ مرکوز رکھتا ہے۔

بریڈ شرمین نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو ہورہا ہے اس پر توجہ دینا ضروری ہے، ہماری فوری توجہ مقبوضہ کشمیر میں درپیش مسائل اور انسانی حقوق پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کی امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کی سماعت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پردنیا کی توجہ دلانےکی کوششوں کا حصہ ہے اور سماعت کے وقت تک حالات بہتر نہ ہوئے تو صورتحال بدترین ہوسکتی ہے۔

بریڈ شرمین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تمام امریکیوں کو بھی تشویش ہونی چاہیے۔

تازہ ترین