لوئر دیر میں پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب کے دوران 4 ساتھیوں سمیت شہید ہونے والے لانس نائیک محمد شعیب سواتی کو ضلع مانسہرہ کے گاؤں گھانیاں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
لانس نائیک محمد شعیب سواتی کا تعلق مانسہرہ کی تحصیل اوگی کے گاؤں گھانیاں سے ہے، شہید کی میت رات گئے گاؤں گھانیاں پہنچی تھی۔
شعیب محمد سواتی کے جسد خاکی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں پاک فوج اور ایف سی کے افسران اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
پاک آرمی کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے ان کی قبر پر پھول رکھے گئے۔
شہید شعیب سواتی نے پسماندگان میں بیوہ سمیت 2بیٹے اور2بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں، شہید کے والد ایف سی سے جبکہ سسر آرمی سے ریٹائرڈ ہیں اور دوسرا بھائی بھی ایف سی میں ملازم ہے۔
شہید کے والد نے بیٹے کی شہادت پر فخر کا اظہار کیا ہے۔