• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فل کورٹ تشکیل دینے کیلئے جسٹس عیسیٰ کی درخواست منظور

 اسلام آباد ( طارق بٹ) سپریم کورٹ کی فل کورٹ تشکیل دینے کیلئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی ہے۔

فل کورٹ 11ججوں پرمشتمل ہو گی،5ججز اس کا حصہ نہیں ہوں گے۔

سپریم کورٹ کی 7رکنی بنچ نے سپریم جوڈیشل کونسل میں صدارتی ریفرنس کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے ۔

اب فائل مناسب احکامات کے اجراء کیلئے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو پیش کی جائے گی۔

اپنی درخواستوں کے ذریعہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دو بار تمام اہل جج صاحبان پر مشتمل فل کورٹ قائم کرنے کی استدعا کی تھی تاہم چیف جسٹس نے انہیں منظور نہیں کیا اور عدالت عظمیٰ کی 7رکنی بنچ تشکیل دے دی تھی جو اعتراض اٹھائے جانے پر جسٹس سردارطارق مسعود اور جسٹس اعجاز الاحسن کی معذرت کے بعد تحلیل کردی گئی۔

جاری ہدایات کی روشنی میں فل کورٹ عدالت عظمیٰ کے مجموعی 16میں سے 11ججوں پرمشتمل ہو گی ۔

سپریم جوڈیشل کونسل کے تین ارکان چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ ، جسٹس گلزار احمد اور جسٹس مشیرعالم کے علاوہ معذرت خواہ جسٹسز سردار طارق مسعود اور اعجازالاحسن فل کورٹ میں شامل نہیں ہوں گے۔

تازہ ترین