• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین، ترکی، ایران نے حمایت کی، عرب اور مغرب نے ساتھ نہیں دیا، صدر آزادکشمیر

کراچی (نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ چین، ترکی اور ایران نے ہماری کھل کر حمایت کی لیکن عرب ممالک اور مغرب کی بڑی طاقتوں نے کشمیریوں اور پاکستانیوں کا ساتھ نہیں دیا۔

اسلام آباد میں کشمیر یکجہتی یوتھ کنونشن سے خطاب میں صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزاد و مقبوضہ کشمیر کے عوام کا عزم ہے کہ جب ہمارا جوابی حملہ ہوگا، جو ہونے والا ہے، تو تم اپنی وردیاں اور دھوتیاں یہیں مقبوضہ کشمیر میں چھوڑ کر واپس ہندوستان چلے جائو گے۔

ہم خالد بن ولید اور طارق بن زیاد کے پیروکار ہیں جنہوں نے روم اور فارس کو پائوں تلے روندا تھا اور سمندروں کے سینے چیر کر یورپ میں اسلام کے پھیریرے لہرائے تھے۔

ہم ظہیر الدین بابر کے چاہنے والے ہیں جس نے تین سو جانبازوں کے ساتھ وسط ایشیاء سے اٹھ کر دہلی میں اسلام کا جھنڈا لہرایا تھا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ اور آر ایس ایس اور ان کے انتہا پسند رہنماؤں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تم سمجھتے ہو کہ اس طرح کشمیریوں پر حملہ کرو گے، انہیں گھروں میں محصور کرو گے، ہزاروں لوگوں کو گرفتار کرو گے تو کیا کشمیری تمہیں معاف کردیں گے ۔

بپن راوت بیان دے گا تو پاکستانی اور آزاد کشمیری ڈر جائیں گے تو میرا یہ پیغام ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جو تم نے 9 لاکھ فوج بھیجی ہے تو یہ تمہاری فوج کا قبرستان بنے گا۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے تہذیبی جنگ کا آغاز کیا ہےجس کا خاتمہ ہم کریں گے۔

تازہ ترین