لندن( نیوز ڈیسک) ہارورڈ یونیورسٹی کی ریسرچ کے مطابق تھوڑا سا خشک میوہ روزانہ ادھیڑ عمر افراد میںموٹاپے کے خدشات میں25فیصدکمی کرتاہے، ماہرین کاکہناہے کہ کرکرے یا بسکٹ کھانے کے بجائے تھوڑا سا خشک میوہ کھانے سے ادھیڑ عمر افراد میں موٹاپا پھیلنے کی روک تھام ہوسکتی ہے،24سے75 سال تک عمر کے2 لاکھ 90ہزار افراد پر 20سال تک کی گئی سٹڈی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ تھوڑا سا خشک میوہ روزانہ کھانے سے وزن میں 11 پونڈ تک اضافہ اور موٹاپےکے خطرے سے23 فیصد تک تحفظ فراہم کرتا ہے۔ریسرچ کے دوران غیر صحت مندانہ سنیک مثلاً چاکلیٹ،پائیز،اور ڈونٹس وغیرہ کے استعمال کا میوے کے استعمال سے موازنہ بھی کیاہے۔سٹڈی کے دوران یہ بات نوٹ کی گئی کہ جو لوگ اس سٹڈی میں شریک تھے ان کے وزن میں اوسط 0.7 پونڈ اضافے کا رجحان تھا سٹڈی کے دوران جو لوگ جنک فوڈ کے بجائے خشک میوہ کھاتے رہے ان کے وزن میں 4سال کے دوران ایک سے ڈیڑھ پونڈ کی کمی ریکارڈ کی گئی،خشک میوے میں نقصان سے پاک چکنائی،وٹامنز،معدنیات اور فائبر ہوتے ہیں لیکن ان میں کیلوریز کی خاصی مقدار ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ یہ بات عام طورپر زیر بحث رہتی ہے کہ کیا اس سے ڈائیٹنگ کرنے والوں کو مدد مل سکتی ہے۔یہ سٹڈی رپورٹ آن لائن جرنل بی ایم جے نٹریشن،پریونشن اینڈ ہیلتھ میں شائع ہوئی۔