• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا دورہ چین ختم، مشترکہ اعلامیہ جاری

وزیراعظم کا دورہ چین ختم، مشترکہ اعلامیہ جاری


وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے اختتام پر پاک چین مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق چینی قیادت نے پاکستان کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان سے یکجہتی کا اعادہ کیا، پاکستان نے ون چائنا پالیسی کے عزم کو دہراتے ہوئے ہانگ کانگ کے معاملات کو چین کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے۔

چین کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قرادادوں، یواین چارٹر اور دوطرفہ معاہدوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کشمیر کی صورت حال کو پیچیدہ بنانے والی کسی بھی یکطرفہ کارروائی کی مخالفت کی گئی ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین نے دو طرفہ اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور ایک دوسرے کے اہم مفادات پر حمایت کرنے کا اعادہ کیا۔

پاکستان نے زور دیا کہ ہانگ کانگ کے بارے میں تمام ممالک بنیادی اقدار اور عدم مداخلت کے بین الاقوامی قانون پر عمل کریں، پاکستان کی جانب سے چینی قیادت کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پر امن، مستحکم اور خوشحال جنوبی ایشیا تمام فریقوں کے مشترکہ مفاد میں ہے، فریقین کو خطے میں تنازعات برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کرنے چاہیں۔

دونوں ملکوں کے رہنماوں نے دوطرفہ دفاعی تعاون کا جائزہ لیا، فوجی مشقوں اور تربیتی تعاون کے شعبوں میں تعاون مزید مضوط کرنے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین نے ا ہلکاروں کے تبادلے، ساز و سامان اور ٹیکنالوجی تعاون کو بھی مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق سی پیک اتھارٹی سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے بنائی گئی، سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان کی صنعتی، سماجی و معاشی ترقی کو فروغ دے گا، گوادر پورٹ کو مختلف سہولیات کی منظوری دے دی گئی ہے، دونوں ملکوں نے سی پیک کی تیزی سے تکمیل کے عزم کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، دونوں ممالک نے دہشت گردی کی ہر شکل اور قسم کے خلاف لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا، چین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کی تعریف کی۔

تازہ ترین