• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’کیا ہوا تیرا وعدہ‘‘، عوام ناراض، میئر اغوا، سڑکوں پر گھسیٹا

کراچی (نیوز ڈیسک) میکسیکو میں انتخابات سے قبل ریلیوں میں عوام سے وعدے کرکے مُکر جانے والے میئر کو عوام کے شدید غیص و غضب کا سامنا کرنا پڑا۔ ناراض عوام نے میئر کو گھر سے اغوا کرکے سڑکوں پر گھسیٹا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شمالی شہر لاس مارگریتّاس کے میئر ہورگے لوئیس کو ان کے گھر میں ہی موجود دفتر سے عوام کی بڑی تعداد نے اغوا کیا اور تھپڑوں کی بارش کے ساتھ انہیں ٹرک کے ساتھ باندھ کر گلیوں میں مارچ کرایا۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عوام اس بات پر ناراض تھے کہ میئر نے الیکشن سے قبل ریلیوں اور جلسوں میں ان سے گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے وعدے کیے تھے تاہم میئر بننے کے بعد وہ ان سے ملنے سے انکار کرتے یا وعدے پورے نہ کرنے پر مختلف بہانے کرتے اور تاویلیں گھڑتے۔ اچھی خبر یہ ہے کہ اس پورے واقعے میں کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا۔ عوام نے اس پورے منظر کی ویڈیو ریکارڈ کرکے اسے سوشل میڈیا پر جاری کر دیا جسے ملک میں لاکھوں لوگوں نے دیکھا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ دردمند لوگ ناراض اور مشتعل افراد کو میئر کو تھپڑ مارنے سے روک بھی رہے تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے 11؍ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
تازہ ترین